پاکستان کو دیانتدار ،باصلاحیت قیادت میسر آ جائے تودنیا کے طاقتور ترین ممالک کی صف میں شامل ہو سکتا ہے،عنایت اﷲ

جمعہ 15 اپریل 2016 20:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ اگر آئندہ 10سال کے اندر اندر پاکستان کو دیانتدار اور باصلاحیت قیادت میسر آ جائے تو یہ ملک دنیا کے طاقت ور ترین ممالک کی صف میں شامل ہو سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے یونین کونسل کلاکلے سوات میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر علاقے کی ممتاز شخصیات علی خان اور قاری اورنگزیب نے اپنے خاندان اورساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر بڑی تعداد میں لوگوں کے علاوہ سابق ایم این اے امیر جماعت اسلامی ضلع سوات ڈاکٹر فضل سبحان ،تحصیل ناظم کبل رحمت علی خان،تحصیل ناظم بحرین حبیب اﷲ خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عنایت اﷲ نے کہا کہ پلڈاٹ کے ایک سروے کے مطابق جماعت اسلامی آل پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری پارٹی ہے جس میں باقاعدگی سے اوپر سے لے کر نچلی سطح تک انتخابات ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان سے لے کراب تک جماعت اسلامی کی ایک ہزار سے زیادہ وزراء ،ناظمین،ایم پی اییز،ایم این ایزاور سنیٹرز رہ چکے ہیں اور ان میں سے کسی پر بھی کرپشن کی کوئی دفعہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس انکشافات میں جماعت اسلامی کے سوا دیگر تمام پارٹیوں کے بڑے بڑے رہنما شامل ہیں جنہوں نے قوم کا پیسہ لوٹ کر دیگر ممالک میں اپنے اثاثے بنائے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن ان وسائل کو قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مسخر کرنے کی ضرورت ہے اور اگر جماعت اسلامی کو آئندہ الیکشن میں حکومت مل گئی تو ان وسائل کو جماعت اسلامی کی دیانتدارار باصلاحیت قیادت استعمال میں لائے گی اور پاکستان کو ہر لحاظ سے خوشحال ا ور ترقی یافتہ ملک بنایاجائے گااور پھر یہاں امن و امان ،انصاف،روزگار،بجلی ،گیس ،تعلیم اور صحت کاکوئی بھی مسئلہ باقی نہیں رہے گا۔

متعلقہ عنوان :