سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوتے ہی پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان میں کرایا جائے گا ٗ ریاض حسین پیرزادہ

دہشت گردی کی وجہ سے ملک سے کھیلیں زوال پذیر ہیں، کھلاڑیوں کو بینکوں سمیت کوئی ادارہ ملازمتیں دینے کیلئے تیار نہیں ٗ وفاقی وزیر

جمعہ 15 اپریل 2016 20:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوتے ہی پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان میں کرایا جائے گا، دہشت گردی کی وجہ سے ملک سے کھیلیں زوال پذیر ہیں، کھلاڑیوں کو بینکوں سمیت کوئی ادارہ ملازمتیں دینے کے لئے تیار نہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ حکومت ملک میں مجموعی طور پر کھیلوں کے فروغ کے لئے گہری دلچسپی رکھتی ہے ٗدہشت گردی کی وجہ سے دیہات میں کبڈی سمیت دیگر کھیلوں کے میدان ختم ہوگئے، سکول میں گراؤنڈ نہیں ہیں، کوٹھیوں میں سکول قائم ہیں، وزارت کا بجٹ صرف 70 کروڑ ہے، ہم نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے حوالے سے صوبوں کو لکھا کہ وہ این او سی کو دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے گراؤنڈ سے مشروط کریں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کوئی ادارہ ملازمتیں نہیں دے رہا، کوئی ادارہ پیسہ دینے کو تیار نہیں، کوئی بینک کھلاڑیوں کو نوکری نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی کو ایک ماہ سے عہدہ ملا ہے، انہوں نے کب کرپشن کی۔ انہوں نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کے کرکٹ بورڈ سے دورہ پاکستان کے لئے رابطہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ آنے والے سالوں میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہونے پر بین الاقوامی کرکٹ کے لئے میدان سجیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک قومی پالیسی کی ضرورت ہے۔ نان ٹیکنیکل اور نان سائنٹفک اپروچ نے ہمیں تباہ کر دیا ہے، ہاکی کیلئے ملک میں کوئی بلیو ٹرف نہیں ہے، آسٹروٹرف بھی پرانے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبوں کو تمام کھیلوں میں ڈوپ ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی ہے، ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ تمام جماعتیں آپ کو سپورٹ کرنا چاہتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :