وکلاء برادری نے آزاد عدلیہ کی بحالی اورجمہوریت کے استحکام کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں ، محمدشہبازشریف

عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء برادری کا کلیدی کردار ہے،انہیں اس ضمن میں ہراول دستے کا کردارادا کرنا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر ارشد جہانگیر جھوجہ کی سربراہی میں وفدکی ملاقات،مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

جمعہ 15 اپریل 2016 20:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر ارشد جہانگیر جھوجہ کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے وکلاء کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سستے اورفوری انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء برادری کا کلیدی کردار ہے ۔ وکلاء برادری نے ملک میں آزاد عدلیہ کی بحالی اورجمہوریت کے استحکام کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کاہے،اسے آگے لے کر جانے کیلئے سب نے مل کر کام کرنا ہے ۔ قانون او رآئین کی حکمرانی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے وکلاء برادری کا کردار شاندار ہے-انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ کی بحالی کیلئے وکلاء برادری کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی-انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کو ہر اول دستے کا کردار ادا کرنا ہے-وزیراعلیٰ نے وکلاء کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری کے جائزمسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مفادعامہ کے منصوبوں کی شفاف اوراعلی معیار سے تکمیل پنجاب حکومت کا طرۂ امتیاز ہے۔میٹروبس پراجیکٹ کا براہ راست فائدہ وکلاء برادری کوبھی پہنچا ہے۔لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے سے بھی وکلاء برادری کی بڑی تعداد مستفید ہوگی۔اس منصوبے سے کوئی تاریخی ورثہ متاثر نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر اشرافیہ سازش کے تحت عام آدمی کے اس عظیم الشان منصوبے کی مخالفت کررہی ہے ۔منصوبے میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے قوم کے 76ارب روپے بچائے گئے ہیں۔میٹروٹرین عام آدمی کا منصوبہ ہے اوراس منصوبے کی تکمیل کیلئے سب کو ساتھ دینا ہے ۔اس موقع پر لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر ارشد جہانگیر جھوجہ کے بیٹے کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالے وفد میں سینئر نائب صدر لاہور بار ایسوسی ایشن شاہد مقصود،جنرل سیکرٹری نعیم خان چوہان،نائب صدر ماڈل ٹاؤن کورٹ شہزاد خان کاکڑ،جوائنٹ سیکرٹری عدنان سندھو،فنانس سیکرٹری رفعت طفیل ملک اوردیگر شامل تھے جبکہ سابق ایم این اے نصیر بھٹہ،سیکرٹری قانون ،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، طلحہ برکی اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :