صدر مملکت ممنون حسین ترکی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے،

ترک وزیر معیشت مصطفیٰ علی تاش نے اتاترک ایئرپورٹ پر انہیں الوداع کیا

جمعہ 15 اپریل 2016 19:57

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین ترکی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعہ کو وطن واپس روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے اسلامی تعاون کی تنظیم کے 13 ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کی۔ ترک وزیر معیشت مصطفیٰ علی تاش نے اتاترک ایئرپورٹ پر صدر مملکت کو الوداع کہا۔ اس موقع پر ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل احمد اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

استنبول میں قیام کے دوران صدر ممنون حسین نے او آئی سی کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے متحدہ حکمت عملی اپنائیں اور جامع پالیسیاں اختیار کریں۔ صدر مملکت نے ترک صدر رجیب طیب اردگان اور وزیراعظم احمد داؤد اوگلے کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو، افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبدالله عبدالله اور نائیجر کے وزیراعظم بریگی رفینی کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔