کرپشن کے ثبوت ملنے پر کسی بھی افسر کیخلاف کارروائی کی جاسکے گی، صوبائی وزیر داخلہ

پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل انڈر ٹرائل ہیں ،انکے معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتا،تقریب سے خطاب

جمعہ 15 اپریل 2016 19:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اپریل۔2016ء) صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے کہاہے کہ کرپشن میں ملوث ہونے کے ثبوت ملنے پر کسی بھی افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی ، پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل انڈر ٹرائل ہیں ،انکے معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتا ۔وہ جمعہ کو سینٹرل پولیس آفس میں پولیس شہدا کے ورثا کو امدادی چیک تقسیم کئے جانے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن میں منعقد تقریب میں صوبائی وزیر داخلہ سندھ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ،ایڈیشنل آئی جی کراچی، اے آئی جی سی ٹی ڈی اور اے آئی جی ٹریفک سندھ کے علاوہ دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لئے سندھ پولیس کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے، انہوں نے شہدا پولیس کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی بحالی میں پاک فوج اور رینجرز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کے علاوہ حکومت سندھ کا بھی برابر کا کردار ہے،، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی پی رہنما قادر پٹیل انڈر ٹرائل ہیں اس معاملے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ہوں۔

(جاری ہے)

تقریب میں آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی قربانیوں تو سب سے زیادہ ہیں لیکن امدادی رقم سب سے کم ہے،دیگر صوبوں میں پولیس شہدا کو 60لاکھ سے ڈیڑھ کروڑ روپے تک امداد دی جا رہی ہے ،آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب تو کچھ عرصہ پہلے شروع ہوا ہے لیکن سندھ پولیس 1988سے ہر روز قربانی دے رہی ہے،شہدائے پولیس کے ورثاء کو سہولت فراہم کرنے کے لئے سینٹرل پولیس آفس میں شہدا فیسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کہا کہ امن و امان کے قیام کے لئے دیگر صوبوں کی نسبت سندھ پولیس نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔سندھ پولیس شہدا کے بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے شہر کی معروف جامعات سمیت دیگر تعلیمی اداروں سے معاہدے ہوچکے ہیں جسکے تحت شہدا کے بچوں کو ان تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم دی جائے گی۔ انہوں نے صوبائی وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ شہداء پولیس کی امداد بڑھانے کے لئے اقدام کریں ، آئی جی سندھ کی درخواست پر صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہدا پولیس کی امداد دیگر صوبوں سے زیادہ نہیں تو انکے برابر کرائی جانے کے لئے اقدام ضرور اٹھائیں گے۔

تقریب میں 2015اور 2016کے 38شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کے ورثا ء کو 20، 20لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :