واپڈا نے میرے شہر گڑھی خیرو ضلع جیکب آباد میں 70 فیصد ٹرانسفارمرز اتار لئے ہیں،ممتاز جاکھرانی

پورا شہر تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے ،ہسپتالوں اور سکولوں کی بجلی بھی بند ہے ، واپڈا یہ زیادتی صرف سندھ کیساتھ کر رہا ہے،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ

جمعہ 15 اپریل 2016 19:25

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء ) سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز حسین جاکھرانی نے جمعہ کو سندھ اسمبلی میں واپڈا کی سندھ میں کارروائیوں پر سخت تنقید کی اور کہا کہ واپڈا نے میرے شہر گڑھی خیرو ضلع جیکب آباد میں 70 فیصد ٹرانسفارمرز اتار لیے ہیں ۔ پورا شہر تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے ۔ اسپتالوں اور اسکولوں کی بجلی بھی بند ہے ۔

واپڈا یہ زیادتی صرف اور صرف سندھ کے ساتھ کر رہا ہے ۔ سندھ کو اس بات کی سزا دی جا رہی ہے کہ اس نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا ہے ۔ علی بابا چالیس چوروں کا ٹولہ سندھ سے دشمنی کر رہا ہے ۔ اسے سندھ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ واپڈا کے اس ظلم و زیادتی کا نوٹس لیا جائے ۔ پیر پگارا کے صاحبزادے اور مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن سید محمد راشد شاہ راشدی نے کہا کہ واپڈا کے مسئلے کو سندھ گرینڈ الائنس اور وفاقی حکومت سے نہ جوڑا جائے ۔

(جاری ہے)

واپڈا ایک آدم خور درندہ ہے ۔ ہم وزیر اعظم نواز شریف کے ملازم یا ان کی پارٹی کے رکن نہیں ہیں ۔ صرف اتحادی ہیں ۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کے 12 افراد شہید ہوئے ۔ وفاقی حکومت میں سے کسی نے بھی کوئی تعزیت نہ کی ۔ ہم وفاقی حکومت سے تنگ ہیں اور واپڈا سندھ کے ساتھ جو زیادتی کر رہا ہے ، ہم اس کے خلاف پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں ۔ واپڈا کو زنجیر ڈالی جائے تاکہ یہ آدم خور درندہ لوگوں کو تنگ نہ کرے ۔

متعلقہ عنوان :