سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریلگولیشن اینڈ کو آرڈینیشن کا اجلاس

کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز آف پاکستان کی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں نمائندگی کے حوالے سے عوامی عرضداشت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

جمعہ 15 اپریل 2016 19:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء ) سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریلگولیشن اینڈ کو آرڈینیشن کا اجلاس کنوینر کمیٹی سینیٹر غوث محمد خان نیازی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ذیلی کمیٹی کے اجلا س میں کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز آف پاکستان کی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں نمائندگی کے حوالے سے پروفیسر ظفر اﷲ چوہدری کی جانب سے عوامی عرضداشت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کنوینر کمیٹی سینیٹر غوث محمد خان نیازی نے کہا کہ پروفیسر ظفر اﷲ چوہدری نے قائمہ کمیٹی میں مسئلہ اٹھایا تھا تو کمیٹی نے معاملات کا جائزہ لینے کے لئے یہ ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے۔سیکرٹری برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریلگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کی ذیلی کمیٹی کو اس معاملے بارے تفصیل سے آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

جس پر سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسزنے ذیلی کمیٹی کو بتایا کہ 2012میں ترمیم کی گئی تھی جس کے بعد PMDCمیں بے شمار مسائل سامنے آنا شروع ہوگئے تواسلام آباد ہائی کورٹ نے3ممبر پر مشتمل ایک کمیشن 2015میں قائم کیا جس نے تمام سٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کے بعد ایک رپورٹ ترتیب دی۔

جس میں تجویز کیا گیا ہے کہ مفادات کے ٹکراؤ کو ختم کیا جائے اور PMDCکونسل کے ممبران کی تعداد کم کر دی جائے۔سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز نے کہا کہ1962کے آرڈینینس کے تحت یہ کونسل قائم ہوئی اور50سال بعد2012میں اس میں ترمیم کر دی گئی۔سینیٹر اشوک کمار نے تجویز دی کہ کونسل میں اقلیتوں کی نمائندگی ہونی چاہئے۔جس پر کنوینر کمیٹی سینیٹر غوث محمد خان نیازی نے سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز سے اس بارے تجاویز طلب کر لیں۔ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر میاں عتیق شیخ،اشوک کمار کے علاوہ سیکرٹری NHSR&Cمحمدایوب شیخ،ممبر کونسلPM&DCمحمد عامر ،ڈی جیNHSR&Cمحمد اسد حفیظ کے علاوہ دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :