وزیراعلیٰ پنجاب کاشہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کیلئے 50لاکھ روپے مالی امداد اورگھر کیلئے 25لاکھ روپے کااعلان

لواحقین میں سے ایک فرد کیلئے ملازمت ،مفت علاج معالجہ ،تعلیم اورشہید اہلکاروں کی مدت ملازمت مکمل ہونے تک پوری تنخواہ کا اعلان اغوا ہونیوالے اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے ،زخمی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایت،پولیس شہداء کیلئے فاتحہ خوانی

جمعہ 15 اپریل 2016 19:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ راجن پور کے علاقے کچے میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور راجن پور کے کچے کے علاقہ میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس فورس نے جس بہادری اور جوانمردی کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے او رحکومت انشاء اﷲ علاقے سے جرائم پیشہ عناصر کا مکمل صفایا کر کے دم لے گی، وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے شہداء پیکیج کے تحت آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبلان کے لواحقین کیلئے فی کس 50 لاکھ روپے مالی امداد،گھر کیلئے 25 لاکھ روپے، شہداء کے لواحقین میں سے ایک فرد کیلئے ملازمت ، مفت علاج معالجہ و تعلیم کی فراہمی اورشہید اہلکاروں کی مدت ملازمت مکمل ہونے تک لواحقین کیلئے پوری تنخواہ کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ راجن پور میں پولیس اہلکاروں نے ڈاکوؤں کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے اور ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پوری طرح مستعد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کا مورال انتہائی بلند ہے اور وہ انشاء اﷲ اسی جذبے سے جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرے گی اور صوبے کو امن و امان کا گہوارہ بنائے گی اورقوم کے آگے سرخرو ہوگی۔

انہو ں نے کہا کہ شہداء نے اﷲ تعالیٰ کے حضور شہادت کا اعلیٰ رتبہ پایا ہے۔ انہیں تو واپس نہیں لایا جاسکتا لیکن ان کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے اور ہم یہ ذمہ داری ہر صورت بطریق احسن ادا کریں گے۔ انہوں نے پولیس شہداء پیکیج میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کیلئے گھر کی خریداری کیلئے 25 لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کو پولیس شہداء پیکیج میں مستقل بنیادوں پر شامل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کچے کے علاقے میں اغوا ہونے والے اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی مدد سے بھرپور آپریشن کر کے جرائم پیشہ عناصر کے قلع قمع کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آپریشن کے دوران زخمی ہونیوالے اہلکاروں کو علاج معالجے کی ہر ممکن بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اجلاس میں آپریشن کے دوران شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔