سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی کی سردار ایاز صادق سے ملاقات

قانون سازی و پارلیمانی امور اور ملک میں جاری جمہوری عمل کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 15 اپریل 2016 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قانون سازی و پارلیمانی امور اور ملک میں جاری جمہوری عمل کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے محترمہ راحیلہ حمید خان درانی کو بلوچستان اسمبلی کی پہلی خاتون سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں بلوچستان اسمبلی صوبے کی عوام کی بہبود کے لئے موثر قانون سازی کر ے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی عوام کی شکایات کو دور کرنا موجودہ جمہوری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملک میں جمہوری عمل کے استحکام کے لئے پارلیمانی اداروں میں روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (PIPS)بلوچستان اسمبلی کے ممبران اور ملازمین کی ریسرچ، قانون سازی اوردیگر شعبوں میں استعداد کار بڑھانے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔سپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے سپیکر قومی اسمبلی کے کلمات پر شکریہ اداکیا ۔

انہوں نے اس امر سے اتفاق کیا کہ قومی و صوبائی سطح پر قانون ساز اداروں میں تعاون جاری رہنا چاہئے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں ترقیاتی کاموں کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پائدار ترقی کے اہداف(SDGs)کے حصول کے لئے خصوصی سیکرٹریٹ کے قیام اور پاکستان کی پارلیمان کوشمسی توانائی پر منتقل ہونے والے پہلے قانون ساز ادارے کا اعزاز حاصل ہونے پر مبارک باد دی ۔ انہوں نے PIPSکی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے ممبران اور ملازمین کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ٹریننگ پروگرامز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات ملک میں موثر قانون سازی کے عمل اور جمہوری اداروں کے استحکام میں معاون ثابت ہونگے۔