سیاسی اتفاق رائے سے غیرت کے نام پر قتل اور زنا بالجبر کے حوالے سے بل مشترکہ اجلاس میں پیش کر دیا جائیگا ‘ وزیر خزانہ

جمعہ 15 اپریل 2016 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ سیاسی اتفاق رائے ہوتے ہی غیرت کے نام پر قتل اور زنا بالجبر کے حوالے سے بل منظوری کیلئے مشترکہ اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا ‘ مالاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس کے حوالے سے وزارت قانون کی رائے کے بعد سفارشات پر عمل کیا جائیگا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی سیکریٹری شہزادی عمر زادی ٹوانہ نے کہا کہ خواتین پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ‘ عزت کے نام پر گزشتہ روز بھی دو قتل ہوئے ہیں ‘ ایسے واقعات کی اکثر رپورٹ ہی درج نہیں ہوتی ‘ اس کے علاوہ گینگ ریپ اور دیگر واقعات کی بہت کم رپورٹ درج ہوتی ہے۔

عزت کے نام پر قتل کے حوالے سے قانون جلد از جلد منظور ہونا چاہئے اس کے جواب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت جلد از جلد اس بل کو منظور کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹ سے منظور ہونے کے بعد 90 دن گذر گئے، غیرت کے نام پر قتل اور زنا بالجبر کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کیا جا رہا ہے۔ ایوان میں موجود بعض مذہبی جماعتوں کے مطالبہ پر مشترکہ اجلاس میں بل کو موخر کیا گیا۔

جوں ہی تمام جماعتوں کا اتفاق رائے ہوا ہم جلد از جلد مشترکہ اجلاس طلب کر کے بل کو منظور کرائیں گے۔اجلاس کے دور ان نکتہ اعتراض پر آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے صوبہ خیبر پختونخوا کو بجلی کے خالص منافع کے واجبات میں سے کچھ بھی نہیں دیا گیا حالانکہ وزیر خزانہ نے ادائیگی کا وعدہ کیا تھا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے خالص منافع میں اضافے کا جو وعدہ کیا ہے وہ پورا کریں گے۔

یہ 20 سالہ پرانا مسئلہ تھا جو حل ہوا ہے۔ اس میں صرف وزارت خزانہ نہیں وزارت پانی و بجلی بھی شامل ہے ‘ انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس کے حوالے سے لاء ڈویژن کی رائے کے بعد سفارشات پر عمل کیا جائے گا۔ اعتراض پر صاحبزادہ طارق الله نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ لاگو کیا گیا، اب صوبائی حکومت نے عوام کے احتجاج پر ٹیکس واپس لینے کی سمری وفاقی حکومت کو بھجوائی ہے، حکومت اپنا وعدہ پورا کرے اور ٹیکس واپس لینے کا اعلان کرے۔

متعلقہ عنوان :