ڈی پی او بنوں نے مجھ پر 7 بلدیاتی ممبران کے اغواء میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے ‘ اکرم خان درانی

جمعہ 15 اپریل 2016 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ ڈی پی او بنوں نے مجھ پر 7 بلدیاتی ممبران کے اغواء میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے ‘ صوبائی حکومت ضلعی اور تحصیل ممبران کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو باقی عوام کیا ہوگا ‘ پولیس کی غیر جانبداری کے دعوے درست نہیں ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے کہا کہ صوبہ کے پی کے کی حکومت خود کو فرشتہ صفت کہتی ہے ‘ انہوں نے کہا کہ ہمارے 15 ضلعی اور 5 تحصیل کے ارکان پر ایف آئی آر درج ہے کہ وہ ہمارے بلدیاتی ارکان کے اغواء میں ملوث ہیں۔

ڈی پی او بنوں نے مجھ پر الزام عائد کیا کہ وفاقی وزیر اکرم خان درانی 7 بلدیاتی ممبران کے اغواء میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمشنر کو خط لکھا کہ بنوں کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے جائیں حالانکہ یہ الیکشن فوج کی زیر نگرانی ہونا تھا اگر کوئی صوبائی حکومت جو 74 ضلعی اور 66 تحصیل ممبران کو تحفظ نہیں فراہم کر سکتی تو باقی عوام کا تحفظ کیسے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ کے پی کے میں پولیس کے ذریعے تمام حربے استعمال ہو رہے ہیں۔ پولیس کی غیر جانبداری کے دعوے درست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا اس تمام کارروائی سے استحقاق مجروح ہوا ہے۔ ایک کمیٹی بنائی جائے، یں نے جو کچھ کہا ہے وہ ثابت کروں گا۔ جس پر ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد کو ہدایت کی کہ وہ سیکورٹی کے حوالے سے متعلقہ وزارت کو آگاہ کریں۔