قومی اسمبلی ، ضرب عضب کے بعد 37ہزار12 آئی ڈی پیز خاندان واپس جا چکے ہیں ، وزارت سرحدی امور

جمعہ 15 اپریل 2016 16:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 اپریل۔2016ء) قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد آئی ڈی پیز کے ایک لاکھ 4ہزار خاندانوں میں سے 37ہزار12خاندان گھروں کو واپس جا چکے ،بحرین ،اٹلی اور جنوبی کوریا میں 389پاکستانی قید ہیں،وزیراعظم نواز شریف کارواں سال کے آخر میں یا آئندہ سال کے شروع میں آسٹریلیا کا دورہ شیڈول ہے ، گزشتہ 2سالوں میں 2 لاکھ 41ہزار 628ایم ٹی چائے درآمد کی گئی، گزشتہ تین سالوں میں مختلف ممالک سے 506ملین ڈالرمالیت کی کاٹن برآمد کی گئی،گزشتہ مالی سال میں یو اے ای کو گزشتہ 5سالوں کی نسبت کم چاول درآمد کئے گے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں اراکین کے سوالوں کے جواب وزیر تجارت خرم دستگیر نے دئیے۔قبل ازیں رکن قومی اسمبلی منزہ حسن کے سوال کے جواب میں وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان 1965سے کاٹن پیدا کرنے والے ممالک میں دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں خرم دستگیر نے کہا کہ آسٹریلیا سے پاکستان کے تعلقات مستقل بہتر ہو رہے ہیں، موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں آنے کے بعد ان تعلقات میں مزید گرمجوشی آئی، وزیراعظم نواز شریف رواں سال کے آخر میں آئندہ سال کے شروع میں آسٹریلیا کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں کے واجبات کی ادائیگی کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، اس حوالے سے وزارت خزانہ سے بھی ہماری بات ہو چکی ہے، وزارت خزانہ نے 30جون تک 5ملین سے کم واجبات ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ ایسے تاجر جن کے واجبات پانچ ملین سے زیادہ ہیں، ان کی ادائیگی بھی رواں سال کر دی جائے گی۔ رکن قومی اسمبلی نگہت پروین میر کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت خارجہ نے ایوان کو آگاہ کیا کہ اس وقت بحرین کی مختلف جیلوں میں 197پاکستانی قید ہیں جن کی رہائی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔

رکن قومی اسمبلی پروین مسعود بھٹی کے سوا ل کے جواب میں وزارت بین الصوبائی رابطہ نے اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ ان کے موجودہ دور حکومت میں ملک میں کوئی نیا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر نہیں کیا گیا جبکہ ہاکی کیلئے موجودہ دور حکومت میں پانچ اسٹیڈیمز تعمیر کئے جارہے ہیں۔رکن قومی اسمبلی ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں وزارت تجارت کی جانب سے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا گیا کہ مالی سال 2014-15میں ایک لاکھ 50ہزار 538ایم ٹی چائے جبکہ مالی سال 2015-16ء میں 91ہزار 90ایم ٹی چائے درآمد کی گئی۔

رکن قومی اسمبلی بیلم حسنین کے سوال کے جواب میں وزارت ریاست و سرحدی امور کے تحریری جواب میں کہاگیا کہ ملک میں آپریشن ضرب عضب کے بعد آئی ڈی پیز کے ایک لاکھ 4ہزار خاندان نادرا میں رجسٹر ہوئے، جن میں سے 37ہزار12خاندان گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔رکن قومی اسمبلی بیلم حسنین کے سوال کے جواب میں وزارت سمندر پار پاکستانیز نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ 1971ء سے 2015ء تک یو اے ای میں 12لاکھ 80ہزار 215 پاکستانی مزدوروں کو رجسٹر کیا گیا اور مذکورہ عرصہ کے دوران کویت میں ملازمت کیلئے 81ہزار 325مزدور رجسٹر کئے گئے۔

رکن قومی اسمبلی محمد مزمل قریشی کے سوال کے جواب میں وزارت تجارت نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ گزشتہ تین سالوں میں مختلف ممالک سے 506ملین ڈالرمالیت کی کاٹن برآمد کی گئی۔رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کے سوال پر وزارت خارجہ نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا کہ اس وقت اٹلی میں کل188 پاکستانی قید ہیں جن میں سے 186مرد اور 2خواتین شامل ہیں جبکہ جنوبی کوریا میں اس وقت چار پاکستانی قید ہیں۔رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب کے سوال کے جواب میں وزارت تجارت نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ گزشتہ5 سالوں میں پاکستان نے یو اے ای کو 1113.22ملین ڈالر مالیت کے چاول برآمد کئے،گزشتہ مالی سال میں یو اے ای کو گزشتہ 5سالوں کی نسبت کم چاول درآمد کئے گے۔