چھت گرنے سے جاں بحق ماں ،4بچوں کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ، وزیر اعلیٰ کا 25لاکھ مالی امداد کا اعلان

جمعہ 15 اپریل 2016 16:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) لاہور کے علاقہ شیرانوالہ گیٹ میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والی ماں اور 4بچوں کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ، عزیز و اقارب اور اہل محلہ پر سوگ کی کیفیت طاری ،نماز جنازہ میں جاں بحق ہونیوالے بچوں کے ساتھی طلباء سمیت ہزاروں افراد شریک ہوئے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے ورثاء کے لئے 25لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب شیرانوالہ گیٹ کے محلہ فاروق گنج میں ایک بوسیدہ عمارت کی چھت اپنے ہی مکینوں پر موت بن کر گر پڑی جس کے نتیجے میں 38سالہ ارم ، اس کی بیٹی 11سالہ نمرہ اور 3بیٹے 12سالہ عمیر ، 8سالہ شایان اور 5سالہ عبدالرحمن جاں بحق ہو گئے جبکہ بچوں کا باپ محمد زبیر واحد شخص ہے جو زندہ بچ سکا وہ اس وقت گھر میں موجود نہ تھا ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز جاں بحق ماں اور چار بچوں کی میتیں گھر سے اٹھیں تو کہرام مچ گیا ۔

جاں بحق ماں اور اسکے بچوں کی نماز جنازہ قریبی گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں جاں بحق بچوں کے ساتھی طلباء ، عزیز و اقارب سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقتولین کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر د یا گیا ۔ننھے ہاتھ دعا کے لئے اٹھے تو وہاں موجود لوگ افسردگی کی تصویر بن گئے ۔غم سے نڈھال بچوں کے باپ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ چند دن پہلے آنے والا زلزلہ حادثے کا سبب بنا ہے ، اسے خستہ حال مکان کی مرمت کیلئے مہلت ہی نہیں مل سکی ۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چھت گرنے کے نتیجے میں ماں اور چار بچوں کی ہلاکت پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 25روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :