جونیئر ایتھلیٹس کیلئے اوپن نیشنل ٹرائلز 20 اپریل کو ہوں گے

جمعہ 15 اپریل 2016 16:26

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 اپریل۔2016ء) ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان (اے ایف پی) نے جونیئر ایتھلیٹس کیلئے اوپن نیشنل ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کر دیا، ٹرائلز 20 اپریل کو پنجاب سٹیڈیم، فیروز پور روڈ لاہور میں منعقد ہوں گے۔ اے ایف پی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ٹرائلز میں 19 برس تک کی عمر کے کھلاڑی حصہ لینے کے اہل ہوں گے اور ان ایتھلیٹس کو رواں برس شیڈول ایشین جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ سمیت دیگر انٹرنیشنل ایونٹس کیلئے منتخب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ٹرائلز میں 100، 200، 400، 800، 1500 میٹر دوڑ، 110 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ، 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ، ہائی جمپ، لانگ جمپ، ٹرپل جمپ، شاٹ پٹ، ڈسکس تھرو، ہیمرتھرو اور جیولن تھرو کے ایونٹس ہوں گے۔ خواتین ایتھلیٹس کے درمیان 100، 200، 400، 800، 1500 میٹر دوڑ، 100 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ، 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ، ہائی جمپ، لانگ جمپ، ٹرپل جمپ، شاٹ پٹ، ڈسکس تھرو، ہیمرتھرو اور جیولن تھرو کے مقابلے ہوں گے۔ فیڈریشن نے ٹرائلز میں شرکت کے خواہشمند کھلاڑیوں کو 20 اپریل کو پنجاب سٹیڈیم میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔