فیڈکپ ٹینس،سری لنکا نے پاکستان کو 2-0 سے ہرا دیا،گرین شرٹس پلے آف میچ میں کل بحرین کے مدمقابل ہو گی

جمعہ 15 اپریل 2016 16:15

بنکاک ۔ 15 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 اپریل۔2016ء) فیڈکپ ٹینس ٹورنامنٹ ایشیا اوشنیا زون گروپ ٹو میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، سری لنکا نے گرین شرٹس کو 2-0 سے ہرا دیا، یہ ایونٹ میں گرین شرٹس کی چوتھی شکست ہے، پاکستانی ٹیم ایونٹ میں صرف کرغستان کے خلاف کامیابی حاصل کر سکی، گرین شرٹس کو اس سے قبل سنگاپور، ملائیشیا، انڈونیشیا کی ٹیموں کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

تھائی لینڈ میں جاری ایونٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے آخری گروپ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 2-0 سے ہرا دیا، پہلے سنگل مقابلے میں سری لنکن پلیئر متھایا نے پاکستان کی سارہ منصور کو ہرا کر ٹیم کو برتری دلائی، دوسرے سنگل مقابلے میں سری لنکا کی واڈوگے نے پاکستان کی اوشنا سہیل کو ہرا کر میچ میں 2-0 سے کامیابی سمیٹی۔ پاکستانی ٹیم نویں سے دسویں پوزیشن کے پلے آف میچ میں کل ہفتہ کو بحرین کے مدمقابل ہو گی۔

متعلقہ عنوان :