نویدالحسن ممیوریل فٹ بال ٹورنامنٹ، الفیصل کلب نے رائل کلب کو 3-0 گول سے ہرا کر اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا

جمعہ 15 اپریل 2016 15:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 اپریل۔2016ء)نویدالحسن ممیوریل فٹ بال ٹورنامنٹ، الفیصل کلب نے رائل پلیئرز کلب کو 3-0 گول سے ہرا کر اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے گذشتہ روزکراچی کمپنی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں الفیصل کلب کو رائل پلیئرز کلب کے خلاف ایک گول کی برتری حاصل تھی دوسرے ہاف میں الفیصل کلب نے مزید دو گول کرکے مقابلہ 3-0 سے جیت لیا،کھیل کے پہلے ہاف کے 15 ویں منٹ میں الفیصل کلب کے حارث نے اسد کے شاندار پاس پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جس کو کھیل کے دوسرے ہاف کے 10 ویں منٹ میں منتصر نے دگنا کردیا، 30 ویں منٹ میں الفیصل کلب کے محمد شعیب نے گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بناکر مقابلہ 3-0 کر دیا، الفیصل کلب کے کپتان احتشام نے میچ کے دوران عمدہ کھیل پیش کیا، رائل پلیئرز کے کھلاڑیوں نے مارجن کم کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہے، الفیصل کلب کے صدر محمد شدیر نے ٹیم کی کامیابی پر کھلاڑی کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ کھلاڑی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔