فاٹا اصلاحات کمیٹی بنانے پر وزیراعظم کے شکر گذار ہیں، حاجی شاہ جی گل آفریدی

جمعہ 15 اپریل 2016 14:18

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 اپریل۔2016ء) فاٹا سے رکن قومی اسمبلی حاجی شاہ جی گل آفریدی نے کہا ہے کہ فاٹا اصلاحات کمیٹی بنانے پر وزیراعظم کے شکر گذار ہیں، یہ کمیٹی جلد از جلد اپنا کام مکمل کرے، مسلم لیگ (ن) آئین کے آرٹیکل 247 سے بھی ہمیں آزادی دلائے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ ء اعتراض پر حاجی شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ آرٹیکل 247 کے تحت فاٹا کے عوام قیدی اور غلام کا درجہ رکھتے ہیں، قبائلی علاقوں کا مسئلہ پورے ملک اور خطے کا مسئلہ ہے، پارلیمنٹ میں اگر دیگر معاملات زیر بحث لائے جا سکتے ہیں تو فاٹا کے ایشو پر بھی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر کے کوئی لائحہ عمل وضع ہونا چاہئے۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت کمیٹی بنا کر ہمیں اسی طرح آئین کے آرٹیکل 247 سے آزادی دلائے جس طرح مسلم لیگ نے پاکستان بنا کر خطہ کے لوگوں کو آزادی دلائی تھی۔ فاٹا اصلاحات کمیٹی بنانے پر وزیراعظم کے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمیٹی جلد از جلد اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔

متعلقہ عنوان :