ملک میں دہشت گردی کرنے والوں کو کسی نہ کسی جگہ سے مدد ملتی ہے تو وہ اس طرح کی کارروائیاں کرتے ہیں

فاٹا سے رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 15 اپریل 2016 14:15

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 اپریل۔2016ء) فاٹا سے رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کرنے والوں کو کسی نہ کسی جگہ سے مدد ملتی ہے تو وہ اس طرح کی کارروائیاں کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پنجاب کے علاقے راجن پور میں دہشت گردوں نے آرمڈ فورسز کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی ہے، اس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملک میں دہشت گردی میں ملوث لوگوں کو باہر سے کسی کی مدد حاصل ہے اور اس طرح کا جدید اسلحہ ان کے ہاتھ میں کسی طرح آ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام کام پولیس کے سپرد نہیں کرنا چاہئیں۔ تمام ادارے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے اپنا کام کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم علاج کی غرض سے لندن گئے جلد وطن واپس آئیں گے، پاناما لیکس پر ضرور تحقیقات ہونی چاہئیں لیکن الزام پر الزام لگانا درست نہیں۔