کویت حکومت نے 60فیصد تارکین وطن کو ملازمتوں سے فارغ کرنے کے لیے فہرستیں مرتب کرنا شروع کردیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 15 اپریل 2016 13:30

کویت حکومت نے 60فیصد تارکین وطن کو ملازمتوں سے فارغ کرنے کے لیے فہرستیں ..

کویت سٹی(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15اپریل۔2016ء)کویت حکومت نے 60فیصد تارکین وطن کو ملازمتوں سے فارغ کرنے کے لیے فہرستیں مرتب کرنا شروع کردی ہیں -کویت کے مقامی جریدے کے مطابق میونسپلٹی‘فنانس اور ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں کام کرنے والے تارکین وطن کی کارکردگی‘تعلیمی قابلیت اور مہارت کا ازسرنوجائزہ لیا جارہا ہے-جائزہ رپورٹ کے بعد جہاں قابلیت کے اعتبار سے کچھ لوگوں کی تنخواہوں میں اضافے کا امکان ہے وہیں بہت سے لوگوں کی تنخواہوں میں کمی کی جائے گی جبکہ جعلی ڈگریوں کے حامل اور اپنے فرائض کو ٹھیک طریقے سے انجام نہ دینے والوں کو ملازمتوں سے برخاست کردیا جائے گا-جریدے نے میونسپلٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فہرستوں کی تیاری کا کام میونسپلٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹرولید الجاسم کی زیرنگرانی کیا جارہا ہے-بتایا گیا ہے کہ تارکین وطن کی بڑی تعداد کو ”واسط“کے ذریعے بھرتی کیا گیا تھا جس نے انہیں غیرضروری طور پر بہت زیادہ مراعات دیں جس کے وہ مستحق نہیں تھے-بہت سارے تارکین وطن کی تعلیمی قابلیت اور اسناد ان کی پوزیشن سے مطابقت نہیں رکھتی-ان تمام تحقیقات کے بعد 60فیصد تارکین وطن کو ملازمتوں سے فارغ کردیا جائے گا جوکہ ایک بہت بڑی تعداد ہے جن میں پاکستان ‘انڈیا اور بنگلہ دیش وغیرہ سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن بھی شامل ہیں-