پاناما لیکس معاملہ ، نوازشریف حکومت سے متعلق فیصلہ پاکستانی عوام کو کرنا ہے، امریکہ

جمعہ 15 اپریل 2016 11:29

پاناما لیکس معاملہ ، نوازشریف حکومت سے متعلق فیصلہ پاکستانی عوام کو ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 اپریل۔2016ء ) امریکہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کا معاملہ حکومتوں کا ذاتی معاملہ ہے، وزیراعظم نوازشریف کے مستقبل کا فیصلہ کرنا پاکستانی عوام کا کام ہے، جمہوری حکومت کے منتخب وزیراعظم کے متعلق فیصلہ اس کی عوام ہی کرے تو بہتر ہے۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی نے کہا کہ ہمیشہ کرپشن اور اس کے نقصانات پر واضح موقف اختیار کیا ہے کہ کرپشن سے دہشت گردی کو بھی فروغ ملتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس سے متعلق فیصلہ مقامی حکومتوں کو ہی کرنا ہے، اسی طرح نواز شریف حکومت سے متعلق کوئی بھی فیصلہ پاکستانی عوام کو کرنا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت بھی کہہ چکی ہے کہ وہ عسکریت پسندوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ امریکا افغان امن عمل میں پیش رفت چاہتا ہے تاہم اگر طالبان سے مسلح جدوجہد کا راستہ نہ چھوڑا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا انتہاپسندی اور کرپشن کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھتا ہے، افغان مفاہمتی عمل کے لیے پاکستان کی مثبت کوششوں کی تعریف کرتے ہیں، افغان مفاہمتی عمل کامیاب ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان اور امریکا دہشت گردوں کو برداشت نہیں کرسکتا، پاکستان کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر امریکا کو اطمینان ہے، پاکستان دہشت گردوں کے گروپس کے خلاف بلاتفریق کارروائی کررہا ہے۔