ملکی وسائل لوٹنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، ڈاکٹر سلیم حیدر

حکمرانوں کی لوٹ مار سے سب سے زیادہ مہاجر متاثر ہوئے ہیں، امن ہی ترقی کی ضمانت ہے

جمعرات 14 اپریل 2016 21:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے جس طرح ملکی وسائل کو لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں ، اپیکس کمیٹی اور پاک فوج ان کی تحقیقات کرکے ان حکمرانوں کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرائیں اور انہیں سخت سے سخت سز ادی جائے۔ انہوں نے کہاکہ آج پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے حکمرانوں نے سب سے زیادہ نقصان سندھ میں آباد مہاجروں کوپہنچایا۔

مہاجر جوکہ صنعت وتجارت سے وابستہ ہیں۔ آج کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کے تاجر معاشی بدحالی کا شکار ہیں ۔ انہیں بھتہ گیری اور حکومتی انتقامی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا لیکن کراچی آپریشن کے بعد سے کراچی میں مہاجر تاجر و صنعتکار خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھتہ خوری میں ملوث عناصر کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے ورنہ بعد میں جاکر یہی قوتیں پھر خطرناک صورتحال اختیارکرلیں گی۔

انہوں نے کہاکہ MIT روز اول سے کراچی سمیت سندھ میں دہشت گردی، بھتہ خوری اور لوٹ مار کیخلاف ہے اور ہم اس حوالے سے بارہا فوج کے سربراہ اور اسٹیبلشمنٹ سمیت مطالبہ کرتے رہے ہیں سندھ میں دہشت گردوں، بھتہ خوروں ، ٹارگٹ کلرز کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کی تجارت اور معیشت کا دارومدار امن وامان کی صورتحال پر ہے ۔