کرپشن فری پاکستان ،جماعت اسلامی کے تحت 19اپریل کو شہر بھر میں مظاہرے ہوں گے

حکمرانوں نے کرپشن کو فروغ دیا ہے اور کرپشن میں ملوث عناصر کو تحفظ فراہم کیا ہے ،حافظ نعیم الرحمن

جمعرات 14 اپریل 2016 21:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء) جماعت اسلامی کے تحت ملک گیر سطح پر جاری ”کرپشن فری پاکستان“مہم کے سلسلے میں کراچی میں منگل 19اپریل کو کراچی میں اہم پبلک مقامات اور چورنگیوں پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور کرپشن کے خلاف عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے گا ۔مظاہروں سے جماعت اسلامی کے مقامی رہنمااور ذمہ داران خطاب کریں گے ۔

اس بات کا فیصلہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں امراع اضلاع اور ذمہ داران کے ایک اجلاس میں کیا گیا ۔واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے تحت 23اپریل کو پشاور اور 24اپریل کو لاہور میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔امراع اضلاع کے اجلاس میں کراچی میں ”کرپشن فری پاکستان “ مہم کے حوالے سے جاری سر گرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کا جائزہ لیا گیا اور 19اپریل کو شہر بھر میں کیے جانے والے مظاہروں کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لیے مختلف فیصلے اور اقدامات کیے گئے ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ذمہ داران اور کارکنوں پر زور دیا کہ مظاہروں میں عوام کی بڑی تعداد کی شر کت کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات اور تیاریاں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک میں ایک ناسور کی شکل اختیار کر گیا ہے ۔تمام خرابیوں اور عوام کے مسائل اور مشکلات کی بنیادی وجہ کرپشن ہے ۔بد قسمتی سے حکمرانوں نے کرپشن کو فروغ دیا ہے ،اس کی سر پرستی کی ہے اور کرپشن میں ملوث عناصر کو تحفظ فراہم کیا ہے ۔

حکمرانوں نے نہ صرف مالی بلکہ اخلاقی ،سیاسی اور نظر یاتی کرپشن بھی کی ہے اور ملک اور قوم کو بدحالی اور تباہی سے دوچار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران عوام کی عزت ،جان و مال اور قومی سلامتی کے دشمن ہیں ۔ 35ارب ڈالر بیرون ملک منتقل کیے گئے ہیں آف شور کمپنیاں ہوتی ہی اسی لیے ہیں کہ اپنے ملک کے اندر ٹیکس چوری کر کے اور منی لانڈرنگ کے ذریعے اپنا سرمایہ باہر منتقل کیا جائے اور کاروبار میں لگایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دامن کرپشن سے پاک ہے اور جماعت اسلامی کے تمام ارکان پارلیمنٹ ،وزراء اور بلدیاتی نمائندے خود کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں ۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے ملک اور عوام کے روشن مستقبل کے لیے عوام کی قسمت بدلنے اور آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لیے کرپشن کے خلاف ہر اول دستہ کا کردار ادا کرے گی۔