جدید ذرائع ابلاغ استعمال میں لا کر بھارتی مظالم کو عالمی سطح پرعصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اجاگر کرناہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، راجہ فاروق حیدر

جمعرات 14 اپریل 2016 13:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 اپریل۔2016ء) مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے سربراہ و سابق وزیراعظم قائد حزب اختلاف راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ،جدید ذرائع ابلاغ کو استعمال میں لا کر بھارتی مظالم کو بین الاقوامی سطح پرعصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اجاگر کرناہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،آزادکشمیر کے عوام اور لیگی کارکنان بھارتی فوج کے خلاف سیاسی جدوجہد میں مزاحمت کی تحریک بنے نوجوانوں کی پشت پر ہیں ،بھارتی فوج نے کشمیریوں کی غیرت کو للکارا ہے ،معصوم نوجوانوں کے بہیمانہ قتل ،عورتوں کی عصمت دری،بزرگوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کے واقعات غیر معمولی ہیں جس پر کسی صورت چپ نہیں رہا جاسکتا ،سرینگر میں بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے اوپربرسائی جانے والی لاٹھیاں اور گولیاں ہم اپنے جسموں پر محسوس کرتے ہیں،انتخابی مہم میں اتنے نہیں مصروف کہ بھائیوں کو بھول جائیں ۔

(جاری ہے)

شہری آزادیاں سلب کر کہ بھارت جبری قبضہ زیادہ دیر قائم نہیں رکھ سکتا ۔مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر اپنے جاری بیان میں قائد حزب اختلاف آزادکشمیر اسمبلی راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ میاں نواز شریف کی حکومت جب سے پاکستان میں قائم ہوئی ہے مسلہ کشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف کا احیاء ہوا ہے اور سیز فائر لائن کے اس پار ایک مثبت پیغام گیاکشمیری النسل وزیراعظم پاکستان کے اوپر آر پار کی عوام کا مکمل اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت گلوبل ویلیج بن چکی ہے دنیا بھر کی آسائیشیں اور سہولیات اور کھربوں کے پیکجز کشمیریوں کو پاکستان سے محبت اور آزادی سے والہانہ عقیدت رکھنے سے نہیں رو سکے نہ ہی ان کی جدوجہد کو مانند کر سکے ہیں ۔مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی فوج کے اندوہناک مظالم نے کشمیریوں کو صبر و استقامت کی مثال بنا دیا ہے اگر اللہ نے موقع دیا تو ن لیگ آزادکشمیر میں اقتدار میں آکر تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر عصر حاضر کے تقاضو ں اور تمام دستیاب ذرائع کو بروے کار لاتے ہوے بیس کیمپ کا کردار بحال کریگی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی پرامن اور اپنے بنیادی حقوق کے لیے کی جانے والی جدوجہد کو اجاگر کرے گی ۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں تحریک آزادی کشمیر اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے حوالے سے دو ٹوک موقف اختیار کیا آزادکشمیر میں اگرچے انتخابات سر پر ہیں مگر ان سے زیادہ اہم تحریک آزادی کشمیر ہے گزشتہ دنوں بلوچ میں ہونے والے جلسہ عام میں ن لیگ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کی مذمت میں قرارداد بھی منظور کی گئی افسوس اس بات کا ہے کہ پاکستان کا پرائیویٹ میڈیا نان ایشوز میں الجھا کر قوم اور سرینگر میں ہونے والے واقعات سے جان بوجھ کر بے خبر رکھ رہا ہے جو کہ ایک المیہ ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر نوجوان ڈگریاں لیکر نو کریاں حاصل کرنے کے بجاے آزادی کے لیے احتجاج کررہے ہیں اور دیدہ دلیری سے بھارتی فوج کے سامنے نہتے ڈٹے ہوے ہیں کشمیری خواتین کی بے حرمتی کر کہ بھارتی فوج نے اپنے سیکولر ہونے کے دعوے کی قلعی کھول دی ہے سیز فائر لائن کے آ ر پار بسنے والے کشمیری ایک لڑی میں پروے ہوے ہیں کئی دہائیوں کی جبری تقسیم نے ان کے دلوں اور روح کے رشتوں کو تقسیم نہیں کیا وہاں بھارتی فوج کی لاٹھیاں اور گولیاں کھانے کے باوجود احتجاج کرنے اور حق آزادی کے لیے قربانیاں دینے والوں کو فراموش نہیں کر سکتے ۔

متعلقہ عنوان :