ناظم اعلی حسابات نے ضلعی دفتر بھمبر میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر مختار علی بٹ کو تعینات کرکے ملازمین کی بہتری کے لیے احسن قدم اٹھایا‘صدر معلمین

جمعرات 14 اپریل 2016 13:06

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء)صدر معلمین راجہ جاوید اقبال ، ملک محمد یوسف ، عبدالروف حسرت ، راجہ صابر خان نے کہا ہے کہ ناظم اعلی حسابات نے ضلعی دفتر بھمبر میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر مختار علی بٹ کو تعینات کرکے ملازمین کی بہتری کے لیے احسن قدم اٹھایا ۔تعیناتی کے بعد آفیسر موصوف نے دفتر کی نیک نامی کے لیے بہت سارے اقدامات کیے جن سے پنشنرز اور دیگر ملازمین کوخصوصی ریلیف ملا ہے ۔

جی پی فنڈ کے کھاتہ کی بذریعہ کمپیوٹر تکمیل ، بہترین انتظار گاہ ، ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا ۔انھوں نے کہا کہ موصوف اپنے پیشہ سے مخلص اور انتہائی قابل ہیں ایسے آفیسران کی ملک و قوم کو اشد ضرورت ہوتی ہے باصلاحیت آفیسران قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں سکولز آفیسران بھمبر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرصدر معلمین چوہدری محمد عارف ، چوہدری محمد زمان ، انور محمو د قریشی و دیگر صدر معلمین بھی موجود تھے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اکونٹس آفیسر مختار علی بٹ نے بھمبر تعیناتی کے پہلے دن سے لے کر آج تک ہر روز کو ئی نہ کوئی انقلابی قدم اٹھایا ہے ان کی اصلاحات میں دفتر کی صفائی ، اکاؤنٹ آفس کے عملہ کی حاضری ، وقت کی پابندی ، شکایات سیل کا قیام ، چیک لسٹ کا روزانہ کی بنیاد پر نوٹس بورڈ پر آویزاں کرنا ۔ آفیسر زربرار سے براہ راست رابطہ شامل ہے۔ ان کے ان اقدامات سے اکاؤنٹ آفس بھمبر کی حالت پہلے سے بہتر ہو گی ہے ۔انھوں نے کہا کہ آفیسر موصوف دیانتدار فرض شناس آفیسر ہیں ۔انھوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آفیسر موصوف اپنی صلاحیتوں کو برو کار لاتے ہوئے ملازمین کے مسائل احسن طریقے سے حل کریں گے ۔