میرپور‘ گرینڈ آپریشن، درجنوں غیر رجسٹرڈ افغان باشندوں اور غیر ملکیوں کو گرفتارکرلیاگیا

جمعرات 14 اپریل 2016 13:06

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء)نیشنل ایکشن پلان کی ریجنل کمیٹی کی ہدایات پر انتظامیہ ، پولیس اور حساس ادارہ کا افضل پور ، چیچیاں ،پل منڈا ، جاتلاں ، پنڈی سبھر وال میں گرینڈ آپریشن، درجنوں غیر رجسٹرڈ افغان باشندوں اور غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ حساس اداروں کی نشاندہی پر ضلع میرپور کے دیگر مقامات پر بھی غیر قانونی آباد افغان باشندوں سمیت غیر ملکیوں کے خلاف اپریشن جاری ہے ۔

انتظامیہ پولیس اور حساس اداروں نے غیر قانونی آباد لوگوں کے لیے زمین تنگ کر دی اس طرح جن افغان باشندوں کے نادر ا نے کارڈ بلاک کررکھے ہیں ان کے خلاف بھی اپریشن کیا جا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کی ریجنل کمیٹی کے نویں اجلاس کے بعد غیر قانونی آباد افغان مہاجرین یاغیر ملکیوں کو ضلع بدر کرنے کے لیے اقدامات پر تینوں اضلاع میں خفیہ آپریشن شروع ہیں جن میں درجنوں افراد کو اپریشن کرکے گرفتار کر لیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس طرح ایسے افغان باشندے جن کے PORS کارڈ نادرا نے بلاک کر رکھے ہیں کے خلاف بھی اپریشن جاری ہے ۔ ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ نے عوام الناس سے کہا ہے کہ وہ اپنے آس پاس میں آباد غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین یا غیر ملکیوں کی اطلاع کریں تاکہ ان کی باقاعد ہ پڑتال کرکے ان کے خلاف بروقت کاروائی کی جائے ۔ نیشنل ایکشن پلان کی ریجنل کمیٹی کی ہدایات پر پنجاب سے ملحقہ علاقوں اورضلع کے انٹری پوانٹس پر سیکورٹی کے مزید سخت اقدامات کیے گئے ہیں ۔

پولیس اور حساس اداروں کے افراد دن رات مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر پوری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔اس سلسلہ میں قومی سلامتی کے اداروں کی طرف سے ملنے والی انفارمیشن کو مدنظر رکھ کر جرائم پیشہ افراد کے خلاف بروقت کاروائی عمل لائی جا رہی ہے سیاسی و سماجی و کاروباری حلقوں نے غیر رجسٹر ڈ افراد کے خلاف جاری اپریشن پر انتظامیہ ، پولیس اور حساس اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے ۔