بھارتی فوجیوں نے ہندواڑہ میں مظاہرین براہ راست فائرنگ کی‘زخمی اشفاق

جمعرات 14 اپریل 2016 13:05

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء) مقبوضہ کشمیرکے قصبے ہندواڑہ میں بھارتی فوجیوں کی اندھادھند فائرنگ میں زخمی ہونیوالے افراد کا کہنا ہے کہ فوجیوں نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منگل کو بھارتی فوجیوں کی طرف سے ہندواڑہ چوک میں ایک لڑکی بے حرمتی کے خلاف مظاہرے کے شرکاء پر اندھادھند فائرنگ سے ایک خاتون سمیت تین افراد شہید ہو گئے تھے۔

زخمیوں کاکہناتھا کہ وہ ان مناظر کو وہ کھبی بھول نہیں سکتے بلکہ زخمی اور شہید ہونیوالے افراد کی درد بھری چیخیں اور آہ و فغان کامنظر اب بھی انکی آنکھوں کے سامنے ہیں۔فائرنگ سے زخمی ہونیوالے نویں جماعت کے15سالہ اشفاق مجید وانی نے صحافیوں کو بتایا کہ جب وہ اسکول سے گھر پہنچا تو اسے ہندواڑہ بازار میں فوجیوں کی فائرنگ کے بارے میں معلوم ہوا ۔

(جاری ہے)

اس نے بتایا کہ وہ اپنے والد جن کا بازار میں چائے کا ایک کھوکھا ہے کی تلاش کیلئے وہاں گیا۔ انہوں ے بتایا کہ جب وہ اپنے والدکی دکان کے نزدیک پہنچا تو بھارتی فوجی بنکر سے اندھادھند فائرنگ کر رہے تھے اور اسی دوران ایک گولی اس کی ٹانگ میں لگ گی۔اشفاق نے کہا کہ وہ درد کی شدت سے کراہنے لگا اور اس دوران بے ہوش ہوگیا۔ سرینگر کے بون اینڈ جوائنٹ اسپتال میں اشفاق کی سرجری کی گئی ۔

اشفاق کے والد نے بتایا کہ اندھا دھند فائرنگ کے بعد اتنا کچھ اچانک ہوا کہ ہمیں یہ سمجھ ہی نہیں آئی کے کیا ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہرطرف فوجی اندھادھندفائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کر رہے تھے اور ہمارے لئے یہ کسی ڈراؤنے خوا ب سے کم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ آدھ گھنٹہ کے بعد انہیں اشفاق کو گولی لگنے کی اطلاع ملی اور اسے فوری طورپرہسپتال منتقل کیاگیا۔

فوجیوں کی اندھا دھند فائرنگ سے زخمی ہونیوالے 27سالہ شبیر احمداپنے ایک سالہ بھتیجے کیلئے بازار سے ادوایات خرید رہا تھا جو ڈسٹرکٹ اسپتال ہندواڑہ میں زیر علاج تھا۔ شبیر احمد نے بتایا کہ وہ ادویات لے کرنکل ہی رہا تھا کہ اسے بائیں پیر میں گولی لگی اور وہ نیچے گر گیا ۔ فائرنگ میں زخمی ہونیوالے ایک اور نوجوان رئیس احمد سرینگر کے صدر ہسپتال میں زیر علاج ہے اسے سینے میں گولی لگی ہے ۔

رئیس کے بھائی شبیر احمد نے بتایا کہ رئیس جو ایک ٹیکسی ڈائیور ہے،اپنی گاڑی پارک کر رہاتھا جب اسے سینے میں گولی گلی ۔انہوں نے بتایا کہ کسی نے رئیس کے فون سے مجھے اس بارے میں اطلاع دی ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ رات رئیس کی سرجری کی گئی ہے اوراسے خون کی نوبوتلیں لگ چکی ہیں اور انہیں اس سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :