حریت قیادت بارے ارون جیٹلی کا بیان انتہاپسندانہ سوچ کا مظہرہے‘میر واعظ عمر فاروق

جمعرات 14 اپریل 2016 13:05

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے حالیہ بیان جس میں انہوں نے کشمیرکی آزادی پسند قیادت کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی بات کی ہے، کو انتہا پسندانہ سوچ قراردیاہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ اس قسم کے بیانات سے کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو نہتے کشمیری عوام کے خلاف ظلم و تشدد کرنے کا حوصلہ ملتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایسالگتا ہے کہ بھارتی فوج اسی سوچ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کاقتل عام کررہی ہے اور گزشتہ دو روز کے دوران چار شہریوں کا قتل اس کا واضح ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہیں اس طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے خاموش نہیں کرایا جاسکتا ۔

میرواعظ نے کہاکہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم اور ظلم وتشدد کا نشانہ بن رہے ہیں ۔تاہم کشمیری عوام اور حریت پسند قیادت کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت کی سیاسی قیادت کو یہ حقیقت تسلیم کر لینی چاہئے کہ انتہا پسند اور بالادستی سے عبارت سیاست اور سوچ مسائل کے حل کی راہیں مسدود کرنے کا موجب بن رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی اور حقائق سے بعید سوچ کو خیر باد کہہ کر مسائل کے حل کیلئے مثبت سوچ کا مظاہرہ کرے تاکہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے حل کیلئے راہ ہموار ہوسکے ۔ میر واعظ نے کشمیریوں سے شمالی کشمیرمیں نہتے شہریوں کے قتل کے خلاف کل بروز جمعہ کو احتجاجی مظاہرے کرنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے امام اور خطیب صاحبان سے بھی کہاکہ وہ ان مظاہروں کی قیادت کریں اور وہ خود بھی نماز جمعہ کے بعد نوہٹہ میں ایک احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں۔