Live Updates

20 سال سے کوشش کر رہا ہوں حکمرانوں کا احتساب ہو ،لگتا ہے اللہ تعالیٰ کو پاکستانی قوم پر ترس آ گیا ہے ‘ عمران خان

جمعرات 14 اپریل 2016 12:11

20 سال سے کوشش کر رہا ہوں حکمرانوں کا احتساب ہو ،لگتا ہے اللہ تعالیٰ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 20 سال سے کوشش کر رہا ہوں کہ حکمرانوں کا احتساب ہو اور لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کو پاکستانی قوم پر ترس آ گیا ہے ، دورہ لندن میں آڈٹ کے حوالے سے تجربہ رکھنے والی انٹر نیشنل فرموں سے ملاقاتیں بھی طے ہیں ،معلوم ہوا ہے کہ چوہدری نثار بھی اسی پرواز سے لندن روانہ ہو رہے ہیں ، اگر نواز شریف بیمار ہیں تو دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں تکلیف سے دور رکھے اور صحت عطا کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سے لندن روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عمران خان نے کہا کہ انکے ہمراہ جہانگیر خان ترین اور عبد العلیم خان بھی لندن روانہ ہو رہے ہیں جہاں آف شور کمپنیوں کے آڈٹ کے حوالے سے تجربہ رکھنے والی انٹر نیشنل فرموں سے ملاقاتیں رکھی ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے چوہدری نثار کے بھی اسی پرواز سے روانہ ہونے بارے سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے میڈیا سے یہ معلوم ہوا ہے لیکن وہ کیوں جارہے ہیں مجھے اس کا علم نہیں ۔

جہاں تک نواز شریف کے لندن روانہ ہونے کا سوال ہے تو میں کسی شک کا اظہار نہیں کروں گا اگر وہ بیمار ہیں تو اللہ انہیں تکلیف سے دور رکھے اور صحت عطا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے سامنے آنے کے بعد پوری دنیا میں تحقیقات ہو رہی ہیں ۔ جمہوریت میں حکمران جوابدہ ہوتے ہیں ، دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ اپوزیشن سے کہا جائے کہ آپ بھی ایسے ہی ہیں بلکہ اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا جواب دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کا بڑا زبردست مستقبل دیکھ رہا ہوں،20سال سے کوشش کر رہاہوں کہ حکمرانوں کا احتساب ہو اور لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کو پاکستانی قوم پر ترس آ گیا ہے اوراس میں اپوزیشن یا کسی اور کا کوئی ہاتھ نہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :