سپریم کورٹ،سمیرا ملک تاحیات نااہلی کے خلاف دائر نظرثانی کی درخواست پر سماعت لارجر بنچ کا فیصلہ آنے تک ملتوی

بدھ 13 اپریل 2016 22:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 اپریل۔2016ء) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ(ن) کی سابق رکن قومی اسمبلی سمیرا ملک کی تاحیات نااہلی کے خلاف دائر نظرثانی کی درخواست پر سماعت لارجر بنچ کا فیصلہ آنے تک ملتوی کر دی ۔ بدھ کے روز جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔ مقدمہ کی کارروائی شروع ہوئی تو سمیرا ملک کے وکیل مبین الدین نے عدالت سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی ۔

(جاری ہے)

سمیرا ملک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہماری درخواست میں ایک نقطہ تاحیات نااہلی کا ہے جعلی ڈگری پر تاحیات نااہلی کے خلاف متعدد اپیلیں زیر سماعت ہیں لارجر بنچ کا فیصلہ آنے تک مقدمہ کی سماعت ملتوی کی جائے ۔ عدالت نے سمیرا ملک کے وکیل کے دلائل سے سننے کے بعد کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کا فیصلہ آنے تک ملتوی کر دی ہے واضح رہے کہ سمیرا خوشاب سے مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی ک ممبر منتخب ہوئی تھیں تاہم مخالف امیدوار کی جانب سے ان کی ڈگری کو چیلنج کیا گیا تھا جس پر جعلی ڈگری ثابت ہونے پر نااہل قرار دے دی گئی تھیں ۔