قومی اسمبلی کی ہاؤس اینڈ لائبریری کی قائمہ کمیٹی کا نیشنل اسمبلی ایمپلائز کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی کی سائٹ کا دورہ

FECHS عہدہ دران کی عدم موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار

بدھ 13 اپریل 2016 20:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اپریل۔2016ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی ہاؤس اینڈ لائبریری کی قائمہ کمیٹی نے آج جناح گارڈن میں نیشنل اسمبلی ایمپلائز کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی (NAECHS)کی سائٹ کا دورہ کیااورسائٹ پر ہونے والے ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی و سینٹ سیکرٹریٹ کے ملازمین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

ڈپٹی سپیکر نے فیڈرل ایمپلائز کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی (FECHS)، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (ICT) کی انتظامیہ اور رجسٹرار کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی کی عدم موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔گزشتہ ماہ قومی اسمبلی کی ہاؤس اینڈ لائبریری کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں فیڈرل ایمپلائز کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی FECHS))کی انتظامیہ نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی تھی کہ 13اپریل2016تک NAECHSممبران کو پلاٹ پر قبضہ دے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تاہم آج جب کمیٹی نے سائٹ کا دورہ کیا تو FECHSانتظامیہ موقع سے غائب تھی اورملازمین کوان کے پلاٹوں پر قبضہ دلوانے کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں کی گئی تھی۔کمیٹی نےFECHSانتظامیہ کی جانب سے غیرذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرنے پرناراضگی کا اظہار کیا ۔ کمیٹی ممبران کا کہنا تھا کہ FECHSانتظامیہ نے کمیٹی کو یقین دہانی کرانے کے باجود وعدہ خلافی کر کے کمیٹی کے استحقاق کومجروح کیاہے۔

اس موقع پر موجود ملازمین نے کمیٹی ممبران کو بتایا کہ انہوں نے اپنے گھر کے زیوارت بیچ کر دو سال قبل پلاٹ کے لیے پیسے جمع کروائے تھے اور انہیں یقین دلا یا گیا تھا کہ دو ماہ کے اندر انہیں پلا ٹو ں کا قبضہ مل جائے گا لیکن ابھی تک قبضہ نہیں دیا گیا اور لیت و لعل سے کام لیا جا رہا ہے ۔ملا زمین نے مزید بتایا کہ FECHSکے ساتھ ہونے والے جوائنٹ ونچر کے تحت NAECHSکی زمین کا قبضہ جناح گارڈن کو دیا گیا تھا تا کہ اس کی ڈویلپمنٹ کرکے NAECHSکے ممبران کو پلا ٹ دیے جائیں جبکہ جناح گارڈن نے اس کو ڈویلپ کر کے کمرشل ایر یا میں تبدیل کر دیا ہے اور اس کی کئی گنا زیادہ قیمت وصول کی ہے۔

ڈپٹی سپیکر نےNAECHSکے ممبران کو یقین دلایا کہ انہیں پلا ٹوں کا قبضہ دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے سوسائٹی کی زمین پرکمیٹی کی میٹنگ منعقد کی جائے گی جس میں آئند ہ کے لا ئحہ عمل پر غور کیا جائے گا ۔انہو ں نے سوسائٹی کے تمام ممبران کو اس میٹنگ کے بارے میں مطلع کرنے کی ہدایت کی ۔ ملازمین نے اس سلسلے میں خصوصی دلچسپی لینے پر ڈپٹی سپیکر اور دیگر ممبران کا شکریہ ادا کیا۔کمیٹی ممبران ملک ابرار احمد ،ڈاکٹر عباد اﷲ اور سر دار ممتازخان بھی اس موقع پرموجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :