ہماری نوجوان نسل صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں،اقبال جھگڑا

سماجی شعبہ کی بہتری صحت ،تعلیمی اداروں کے کردار سے وابستہ ہے،ڈاکٹرز دکھی انسانیت کی خدمت ،ملک وقوم کی ترقی میں حقیقی کردار ادا کریں،سماجی شعبے کی بہتری کیلئے صحت سے وابستہ محکموں،تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،گورنرخیبرپختونخوا گورنرنے 56طالبات میں ایم بی بی ایس کی ڈگریاں ،23 گریجویٹس میں گولڈمیڈلزتقسیم کئے

بدھ 13 اپریل 2016 18:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اپریل۔2016ء) گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ ہماری نوجوان نسل صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں اعلی تعلیم اور معیاری ریسرچ کے مواقعوں کی فراہمی کویقینی بنایاجائے اور ضمن میں موجودہ حکومت شعبہ صحت کی بہتری اورمعیاری ریسرچ اور تعلیم کے فروغ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع اقدامات اٹھارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سماجی شعبہ کی بہتری صحت اور تعلیمی اداروں کے کردار سے وابستہ ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ اعلی تعلیمی اداروں خاص طور پر شعبہ صحت میں ریسرچ اورمعیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز دکھی انسانیت کی خدمت اورملک وقوم کی ترقی میں اپنا حقیقی کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سماجی شعبے کی بہتری کیلئے صحت سے وابستہ محکموں اور تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ شعبہ طب سے وابستہ افراد کو اپنی ذمہ داریوں کااحساس کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت اورملک وقوم کی بہتری کیلئے مشنری جذبے کے ساتھ کردار ادا کرناہوگا۔وہ بدھ کے روزخیبرگرلزمیڈیکل کالج پشاور تیسرے کانووکیشن کے موقع پر گریجویٹس ،ان کے والدین اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں پروچانسلر کے ایم یوصوبائی وزیرصحت شہرام خان ترکئی، وائس چانسلر خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرحفیظ اللہ ،رجسٹرار اور پرنسپل خیبرمیڈیکل گرلز کالج پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین سمیت طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر گورنرنے 56طالبات میں ایم بی بی ایس کی ڈگریاں اور 23 گریجویٹس میں گولڈمیڈلزتقسیم کئے۔ گورنرنے کالج کے سٹاف اور ویلفیئر سوسائٹی کیلئے 10 لاکھ روپے گرانٹ اور گولڈ میڈل حاصل کرنے والے گریجویٹس کیلئے فی کس 10 ہزارروپے کا اعلان بھی کیا۔تقریب سے صوبائی وزیرصحت شہرام خان ترکئی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرجوکہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں نے کہاکہ ہمارے طلباء صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں اور خاص طور پر شعبہ طب میں ڈگریاں حاصل کرنے والے گریجویٹس کو اب عملی زندگی میں مشنری جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرنی ہوگی اور اپنے فرائض نیک نیتی سے ادا کرنے ہوں گے۔

گورنرنے کہاکہ قوموں کا وجود تعلیم کے معیار سے وابستہ ہے اور علم کا مہذب معاشروں کے قیام میں مسلمہ کردار ہے۔ انہوں نے اس امر پرزوردیا کہ جو قومیں تعلیم اور خاص طور پر طبی تعلیم میں پیچھے رہ جاتی ہے ان کا وجود قائم نہیں رہتا۔ گورنرنے کہاہے کہ شعبہ صحت اور تعلیم کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور صحت و تعلیم کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت وسائل کو حقیقی معنوں میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس کے اثرات نمایاں ہوں۔

گورنرنے گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ایم بی بی ایس ڈگریاں وصول کرنے والی طالبات کو آئندہ وقت میں ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے کہاکہ بحیثیت ڈاکٹر ان پر بہت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے طالبات پر زوردیا کہ و ہ مستقبل کی ذمہ داریوں کو ایمانداری سے نبھانے کی کوشش کریں اور نہ صرف میڈیکل کے شعبے میں مزید تعلیم حاصل کریں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ میڈیکل کے شعبے سے وابستہ افراد پر معاشرے کی بہت زیادہ توقعات وابستہ ہوتی ہے اور بحیثیت ڈاکٹراب آپ کو بھی ان توقعا ت پر پورا اترناپڑے گا۔گورنرنے خیبرمیڈیکل گرلزکالج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ بات انتہائی اطمینان بخش ہے کہ انتہائی کم عرصے میں خیبرمیڈیکل گرلز کالج نے مہارت، خوداعتمادی ، معیاری ریسرچ اور جدید میڈیکل کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی اور طالبات کے مابین ہرشعبے میں فوقیت کی روایت ڈالی جو نہ صرف اس ادارے کیلئے حوصلہ افزاء ہے بلکہ اس خطے کیلئے بھی باعث اعزاز ہے۔

انہوں نے کہاکہ مقابلے کی اس دوڑ میں طالبات کو بھی تعلیم حاصل کرناہوگی اور خاص طور پر طبی تعلیم میں مزید محنت کرناہوگی اور اپنانام پیدا کرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری طالبات صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں جدید اور معیاری تعلیم اورریسرچ کے مواقع فراہم کئے جائیں اور اس ضمن میں موجودہ حکومت شعبہ تعلیم اور خاص طور پر طبی تعلیم کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع اقدامات اٹھارہی ہے۔

انہوں نے ڈاکٹرز پر زوردیتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت شعبہ طب کی بہتری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے اور اب انسانیت کی خدمت اور فرائض کی انجام دہی کیلئے انہیں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانی ہوں گی۔ قبل ازیں خیبرگرلزمیڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عابدحسین نے کالج کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے گریجویٹس کو ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پرکے ایم یو کے وائس چانسلر نے گورنرکو یونیورسٹی سوینئر بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :