طالبعلموں کو معیاری تعلیم کیساتھ مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی تربیت دینا ضروری ہے،گورنر سندھ

بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے طالبعلم ہر شعبہ میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں،ڈاکٹرعشرت العباد خان کا تقریب سے خطاب

بدھ 13 اپریل 2016 18:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اپریل۔2016ء) گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ طالب علموں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی تربیت دینا بھی ضروری ہے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بے نظیر بھٹو شھید یونیورسٹی لیاری میں سیپ (SAP)کے تربیتی کورس کے آغاز کے موقع پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ اور صوبائی سیکریٹری بورڈز اور یونیورسٹیز ڈاکٹر اقبال حسین درانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سیپ کی تربیت سے طالب علموں کو اپنے مستقبل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور اس کی تکمیل سے نہ صرف وہ اپنی جامعہ بلکہ لیاری اپنے شہر کراچی اور صوبہ و ملک کا نام بھی روشن کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین ماہ کے اس کورس کیلئے 256 طالب علموں کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کے بارے میں جو غلط تاثر پایا جاتا ہے وہ یونیورسٹی کے طالب علموں کے باعث دور ہورہا ہے کیونکہ لیاری کے علاقہ میں واقع ہونے کے باوجود بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے طالب علم ہر شعبہ میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے طالب علموں کی دلچسپی اور ذہانت دیکھتے ہوئے سیپ کورس کا انعقاد کسی فیس کے بغیر کیا جا رہاہے جس کے لئے سیبا (CIBA) اور نجی شعبہ کا تعاون قابل تحسین ہے۔

گورنرسندھ نے کہا کہ لیاری یونیورسٹی کے طالب علم نہ صرف تعلیم بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو صوبہ اور ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے استعمال کریں گے ۔ گورنرسندھ نے اس موقع پر یونیورسٹی کے پوائنٹ کیلئے دو بسیں دینے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ یہ یونیورسٹی شہید بے نظیر بھٹو کے وژن کے تحت قائم کی گئی تھی اور گورنر سندھ کی سرپرستی میں اس نے نمایاں ترقی کی ہے۔

انہوں نے سیپ کورس کیلئے لیاری یونیورسٹی کو منتخب کرنے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ نے کہا کہ لیاری یونیورسٹی جس شخصیت کے نام پر قائم ہے وہ ہم سے کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم اپنی ذہانت اور صلاحیتوں کے اظہار کے ذریعے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرسکتے ہیں ۔ گورنرسندھ نے اس موقع پر بٹن دبا کر 256 طالب علموں کو SAP کورس کا پاس ورڈ دینے کا آغاز کیا ۔ انہوں نے طالب علموں میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :