چین میں گائے اور بھینسوں کے معدہ کے ساتھ جڑ ے اومیسم نامی عضو کی طلب میں اضافہ

چینی درآمدکنندگان نے پاکستان سے اس عضو کے ماہانہ 2سو کنٹینرزخریدنے کا عندیہ دیا ہے،شاہ فیصل آفریدی

بدھ 13 اپریل 2016 17:39

لاہور۔13 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 اپریل۔2016ء ) پاک‘ چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شاہ فیصل آفریدی نے کہا ہے کہ گائے اور بھینسوں کے معدہ کے ساتھ جڑ ے اومیسم نامی ایک عضو کی چین میں اس قدر ڈیمانڈ ہے کہ ایک چینی امپورٹر نے مذکورہ عضو کے ماہانہ 2سو کنٹینرز پاکستان سے خریدنے کا عندیہ دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کویہاں چین کی کمپنی جنان انٹرنیشنل ٹریڈنگ کمپنی کے چیئرمین جارج سن سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اومیسم کی ایک بڑی مقدار اس وقت بھی پاکستان سے برآمد کی جارہی ہے لیکن بین الاقوامی معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث اس کی قیمت بے حد کم ہے کیونکہ اس وقت اومیسم چین کو خام حالت میں برآمد کیا جا رہا ہے لیکن اگر اسے مخصوص پروسیسنگ یونٹس کے تحت ویلیوایڈیشن کے بعد برآمد کیاجائے تو یہی اومیسم پاکستانی معیشت میں سونے کی حیثیت لے سکتا ہے،شاہ فیصل آفریدی نے بتا یا کہ جارج سن اس وقت پاکستان سے اومیسم چین برآمد کر رہے ہیں ،جارج سن کے مطابق چین میں خوراک کے طور پر گوشت کے استعمال میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے اور اس وقت چین برازیل،ویت نام اور آسٹریلیاسے گوشت درآمد کر رہا ہے،انہوں نے کہا کہ اس مسابقتی کاروباری ماحول میں پاکستان کیلئے گوشت کی صنعت میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :