جعلی ووٹوں سے برسر اقتدار آنے والوں کا دور ختم ہو چکا ، آزاد کشمیر میں آئندہ عام انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہو گی، آزاد خطہ میں بھی وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق ترقیاتی کام کریں گے

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر کا تراڑ کھل میں جلسہ عام سے خطاب

بدھ 13 اپریل 2016 16:38

تراڑ کھل(آزاد کشمیر) ۔ 13 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ جعلی ووٹوں سے برسر اقتدار آنے والی آزاد کشمیر حکومت کا دور ختم ہو چکا اور عوام ان کی بدترین کارکردگی اور کرپشن کے باعث آئندہ انتخابات میں انہیں شکست فاش دیں گے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو تراڑ کھل میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

برجیس طاہر نے کہا کہ 2011ء کے عام انتخابات میں موجودہ آزاد حکومت جعلی ووٹوں اور پیسے کا ناجائز استعمال کر کے برسر اقتدار آئی اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ان پانچ سالوں میں آزاد کشمیرکی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا، ان کی دھاندلی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاتا ہے کہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے نتیجہ میں آج آزاد کشمیر میں ووٹوں کی تعداد بڑھنے کی بجائے 4لاکھ کم ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ جعلی ووٹوں سے برسر اقتدار آنے والوں کو عوام کے مینڈیٹ کے تقدس کا کوئی خیال نہیں ہوتا اوران کے نزدیک اولین ترجیح اپنے مفادات کو پروان چڑھانا اور کرپشن سے پیسہ اکٹھا کرنا ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تراڑ کھل سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی کا شہر ہے لیکن یہ تاریخی شہر پسماندگی کے حوالے سے اپنی مثال آپ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد حکومت کی بے حسی کااندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تراڑ کھل بازار 9 مرتبہ آتشزدگی کا شکار ہوچکا ہے لیکن آزاد حکومت کو تراڑ کھل کو ایک فائربریگیڈ دینے کی بھی توفیق نہ ہوئی۔ چوہدری برجیس طاہر نے یقین دلایا کہ آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات صاف شفاف اورمنصفانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات کے نتیجے میں وزیروں، مشیروں اورکوآرڈینیٹرز کی فوج رکھنے والی نااہل حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا کیونکہ یہاں عوام کی کثیر تعداد اس بات کا کھلا ثبوت دے رہی ہے کہ عوام آزاد حکومت کے مظالم، کرپشن اور نااہلی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور الیکشن میں عوام ان کا محاسبہ کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا نظریہ معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے اور مسلم لیگ (ن) اپنے قائد محمد نواز شریف کے لئے اپنے وژن کے عین مطابق اس نظریے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی وژن کے مطابق پاکستان میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ، میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین جیسے بڑے بڑے منصوبے شروع کیے گئے ہیں اور آزاد کشمیر میں برسراقتدار آنے کے بعد یہاں بھی اسی طرح کے بڑے بڑے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مخالف سیاسی جماعت کی حکومت ہونے کے باوجود وزیراعظم محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کو شنوٹرپاس، مظفر آباد، اسلام آباد موٹروے، مظفر آباد، میرپور منگلا ایکسپریس روڈ جیسے بڑے بڑے منصوبے دئیے ہیں جو نواز شریف کی آزاد کشمیر سے محبت کا والہانہ منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے تراڑ کھل کے بزرگ سیاسی رہنما خان بہادر خان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات اور کردار کو سراہا، وفاقی وزیر نے تراڑ کھل کو فائربریگیڈ کی گاڑی مہیا کرنے کا اعلان کیا تا کہ آئندہ خدانخواستہ آتشزدگی جیسے حادثات کی صورت میں اس پر فوری قابو پایا جا سکے، اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے تراڑ کھل سڑک کی تعمیر میں تراڑ کھل بازار کی سڑک کو شامل کرنے کا بھی اعلان کیا۔

اس سے قبل آزاد کشمیر کونسل کے متعلقہ حکام نے وفاقی وزیر کو پلندری تراڑ کھل سڑک کی تعمیر سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اس سڑک کی تعمیر کا75فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور باقی کام جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سڑک کی تعمیر جون تک مکمل کی جائے اور اس کی تعمیر سے متعلق معیار کو ہر حال میں یقینی بنائیں تا کہ یہ سڑک طویل عرصے تک عوام کے لئے کارآمد ہو سکے۔

جلسے سے ڈاکٹر نجیب تقی، بزرگ سیاسی رہنما خان بہادر خان کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت نے بھی خطاب کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تراڑ کھل کے تینوں حلقوں سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوں گے، جب وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر تراڑ کھل پہنچے تو ان کا نہایت پرتپاک استقبال کیا گیا۔