حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد بنتا نظر نہیں آرہا ہے ‘ زاہد خان

بدھ 13 اپریل 2016 16:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اپریل۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد خان نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد بنتا نظر نہیں آرہا ہے ‘ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد،اقتصادی راہداری منصوبے پر ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی ضرورت ہے ‘ اقتصادی راہداری منصوبہ سے بے روزگاری اور دہشت گردی سے متاثر علاقوں کے لوگوں کو بھی فائدہ ہونا چاہیے۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے حوالے سے اپوزیشن کیا چاہتی ہے اس پر ابھی تک تمام سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر متحدہ نہیں ہو سکیں ‘ حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد بنتا نظر نہیں آرہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اور ان کے سربراہ کسی دوسرے پر اعتماد نہیں کرتے اور اس حوالے سے کوئی ایسی شخصیت بھی نہیں کہ ان کے نام پر سب اتفاق کریں انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے مسئلہ کو اپوزیشن جماعتیں ہوا دے رہی ہیں ہمیں عوام کے مسائل کی طرف توجہ دینی چاہئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے تاکہ دہشت گردی ملک سے ختم ہو سکے اور ایسے عناصر کو بھی شکست دی جاسکے جو ملک کے خلاف سرگرم ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے پر پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنائے جائیں اور انہیں اعتماد میں لیا جائے انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ سے بے روزگاری اور دہشت گردی سے متاثر علاقوں کے لوگوں کو بھی فائدہ ہونا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :