پاکستان کر کٹ بورڈ ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز کے چند میچز ملک میں کرانے کیلئے کوشاں

بدھ 13 اپریل 2016 14:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 اپریل۔2016ء)پاکستان کر کٹ بورڈ( پی سی بی) رواں برس ویسٹ انڈیز سے سیریز کے چند میچز ہوم گراوٴنڈز پرکرانے کاخواب دیکھنے لگا، زبانی بات چیت ہو چکی، سیکیورٹی صورتحال مزید بہتر ہونے پر تحریری تجویز بھیج دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق لاہور دھماکے کی وجہ سے افغان ٹیم کا دورہ تو ملتوی ہو گیا مگر پی سی بی اس سے ہمت نہیں ہارا، ذرائع نے بتایا کہ اکتوبر، نومبرمیں شیڈول ویسٹ انڈیزسے سیریز کے تین ون ڈے یا 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کراچی اور لاہور میں کرانے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے، اس ضمن میں زبانی بات چیت ہو چکی، حکام آئندہ کچھ عرصے سیکیورٹی صورتحال پر نظر رکھیں گے، اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو تحریری طور پر تجویز بھیج دی جائے گی، پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مشیر ویوین رچرڈز اور کمنٹری کیلیے گذشتہ عرصے پاکستان آنے والے برائن لارا اس ضمن میں بورڈ حکام کی مدد کر رہے ہیں، مہمان کرکٹرز کو بھاری رقم کی ترغیب دے کر بلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد دونوں ٹیمیں یو اے ای جا کر وہاں بقیہ میچز کھیلیں گی، واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف مذکورہ سیریز2ٹیسٹ،5 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پی سی بی یو اے ای میں بھاری اخراجات سے تنگ آ چکا، گراوٴنڈز کا کرایہ بھی خاصا بڑھ گیا جبکہ ہوٹلز کے کرائے پر بھاری رقم خرچ ہوتی ہے، ہوم گراوٴنڈز پر میچزسے بورڈ کو فائدہ ہوگا، البتہ اس کا تمام تر انحصار سیکیورٹی صورتحال پر ہے۔ یاد رہے کہ لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے ملکی کرکٹ گراوٴنڈز نوگوایریاز بنے ہوئے ہیں۔