سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کے باعث ریاض میں تعلیمی سرگرمیاں معطل

بدھ 13 اپریل 2016 13:39

سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کے باعث ریاض میں تعلیمی سرگرمیاں معطل

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 اپریل۔2016ء) سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کے باعث ریاض میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہوگئیں ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں اعلی تعلیم کی وزارت نے دارالحکومت ریاض اور اس کی نواحی گورنریوں رماح، ثادق، حریملا، الدرعیہ، العیینہ، ضرما اور مزاحمیہ میں بدھ کے روز تعلیمی سرگرمیاں معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

اعلان کا سبب مذکورہ علاقوں میں ہونے والی موسلادھار بارشیں ہیں۔ ریاض میں طوفانی بارش دیکھنے میں آئی۔ شہری دفاع کے ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے شہریوں اور مقیمین کے لیے بارشوں اور یک دم موسم بدلنے کے خطرات کے حوالے سے خبردار کیا گیا ہے۔ انتباہی بیانات میں گھروں کے اندر رہنے، پارکوں میں جانے کے دوران کسی بھی مہم جوئی سے گریز کرنے اور شہری دفاع کی جانب سے جاری ہدایات کی پابندی پر زور دیا گیا ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

القصیم اور الخرج کی محکمہ تعلیم کی جانب سے علاقے میں موسم کے حالات کے سبب گزشتہ روز دوسرے پہر کے اسکولوں اور تعلیم بالغاں کی سرگرمیوں کا معطل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔شہری دفاع کے ڈائرکٹوریٹ نے شہریوں اور مقیمین کو خبردار کیا ہے کہ وہ سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ادارے کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور پانی جمع ہونے والی جہگہاں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں۔

توقع ہے کہ بارشوں کا حالیہ سلسلہ آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گا۔شہری دفاع کے میڈیا مرکز نے واضح کیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹوں کے مطابق مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ، جدہ، رابغ، اللیث، القنفذ، الباحہ، عسیر، نجران، جازان کے ساتھ ساتھ ریاض اور مشرقی صوبے میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں سر درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔ اس کے نتیجے میں بعض علاقوں میں سیلاب کی سی صورت حال بھی ہوسکتی ہے۔

میڈیا مرکز نے باور کرایا کہ مذکورہ تمام علاقوں میں شہری دفاع کے ڈائرکٹوریٹس نے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تمام ضروری اقدامات مکمل کرلیے ہیں۔شہری دفاع کے ادارے نے شہریوں اور مقیمین سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ عرصے کے دوران میڈیا، سوشل میڈیا اور ایس ایم ایس سروس کے ذریعے ادارے کی ہدایات سے مطلع رہیں۔

متعلقہ عنوان :