بیکری کے مالک نے اپنا کاروبار صرف 120روپے میں فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 13 اپریل 2016 00:26

بیکری کے مالک نے  اپنا کاروبار صرف 120روپے میں فروخت کرنے کا فیصلہ کر ..

کوئی کاروباری کسی انجان بے گھر کو اپنا کاروبار برائے نام قیمت پر کیوں فروخت کرے گا؟ اس سوال کا ایک ہی جواب سمجھ میں آتا ہے کہ ہوسکتا ہے انجان شخص نے کاروباری کی زندگی بچائی ہو۔
بالکل یہی معاملہ فرانسیسی بیکر کے ساتھ ہوا۔ 62 سالہ مائیکل فلامنٹ نے اپنا کاروبار اپنی بیکری کے باہر مانگنے والے جیروم اوکانٹ کو فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

بیکری کا یہ سودا صرف ایک یورو کے عوض طے پائے گا ۔
مائیکل، جیروم کو ہر روز صبح کے وقت ایک کپ کافی پلاتا تھا۔دسمبر کی ایک صبح مائیکل کے بیکری کے اوون سے کاربن مونو آکسائیڈ لیک ہوگئی۔ جیروم نے باہر سے مائیکل کو لڑکھڑاتے ہوئے دیکھا تو فوراً ہی ریسکو اہلکاروں کو بلا لیا۔ مائیکل کے اگلے 12دن ہسپتال میں گزرے ۔
کام پر واپس آتے ہی اس نے شکرگزاری کے طور پر جیروم کو جزوقتی ملازمت کی پیشکش کر دی، جسے جیروم نے قبول کر لیا۔

(جاری ہے)

جیروم اس وقت تک نیچے گراؤنڈ فلور پر موجود رہتا جب تک مائیکل تہہ خانے میں بیکری کا سامان بنا رہا ہوتا۔ جیروم کے سیکھنے کی لگن دیکھ کر مائیکل بھی حیران رہ گیا۔مائیکل نے اپنا سارا کام بھی 37سالہ جیروم کو سکھا دیا۔جب مائیکل اپنی ریٹائرمنٹ کی تیاری کرنے لگا تو اس کی نظر میں ایک ہی شخص تھا جو اس کے کاروبار کو سنبھالنے کا اہل تھا اور وہ جیروم تھا۔

اسی وجہ سے اس نے جیروم سے وعدہ کیا کہ وہ اسے ، فرانس کے مشرقی ٹاؤن ڈول میں، چلتی ہوئی بیکری کو 1یورو میں دے گا۔
مائیکل کا کہنا ہے کہ اگرچہ میں امیر نہیں ہوں لیکن مجھے پیسوں کی پرواہ نہیں ہے۔اگر جیروم اس دن موجود نہ ہوتا تو میں مرحوم ہوچکا ہوتا۔
جیروم نے مائیکل کی بیکری لینے پر آمادگی ظاہر کی دی ہے۔ ستمبر کے مہینے میں مائیکل اپنی بیکری جیروم کو دے گا۔