سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے لیے ترکی کا اعلیٰ سول اعزاز

ترک صدر رنے صدارتی محل میں منعقدہ تقریب کے دوران شاہ سلمان کو ملک کا اعلیٰ ترین تمغا عطا کیا

منگل 12 اپریل 2016 23:31

سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے لیے ترکی کا اعلیٰ سول اعزاز

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) ترکی نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات استوار کرنے پر ان کی خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے منگل کے روز صدارتی محل انقرہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران شاہ سلمان کو ملک کا یہ اعلیٰ ترین تمغا عطا کیا ہے۔

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سعودی بادشاہ نے تخت سنبھالنے کے بعد دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے لیے گراں قدرکاوشیں کی ہیں۔حالیہ برسوں کے دوران ترکی اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ملک شام ،یمن اور عراق میں جاری تنازعات کے حوالے سے یکساں موٴقف کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے میزبان صدر سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات،شامی تنازعے اور دوسرے اہم علاقائی اور عالمی امور پرتبادلہ خیال کیا ہے۔

دونوں ملک شام میں حزب اختلاف کے زبردست موٴید اور حامی ہیں اور وہ صدر بشارالاسد کو شامی تنازعے کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہیں۔ دونوں کے درمیان مضبوط فوجی تعلقات استوار ہیں۔ترکی نے اس سال سعودی عرب میں منعقدہ فوجی مشقوں میں حصہ لیا تھا اور داعش کے خلاف فضائی مہم میں شریک سعودی طیارے ترکی کے ہوائی اڈے سے اڑ کر ہی شام میں جنگجووٴں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔شاہ سلمان ترکی کے دورے کے موقع پر ستاون مسلم ممالک کی نمائندہ اسلامی کانفرنس تنظیم (اوآئی سی) کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔یہ اجلاس 14 اور 15 اپریل کو استنبول میں منعقد ہورہا ہے۔

متعلقہ عنوان :