پولیس افسران بنک ، سینما گھروں ، عبادت گاہوں ، تعلیمی اداروں اور اہم مقامات کی سکیورٹی کا روزانہ کی بنیادوں پر جائزہ لیں‘ ڈی آئی جی آپریشنز

حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے ،کوتاہی پر انتظامیہ کو نوٹس کے ذریعے وارننگ جاری کی جائے

منگل 12 اپریل 2016 23:29

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ پولیس افسران اس امر کو یقینی بنائیں کہ روزانہ کی بنیاد پر بنک ، سینما گھروں ، عبادت گاہوں ، تعلیمی اداروں اور اہم مقامات کی سکیورٹی کا جائز ہ لیا جائے اور حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے ، جن اہم مقامات کے حفاظتی انتظامات نامکمل ہیں ان کی انتظامیہ کو نوٹس کے ذریعے وارننگ جاری کی جائے اور پھر قانونی کارروائی کی جائے ۔

تھانوں کی سطح پر انٹیلی جنس کا نظام مضبوط کرنے کی ضرورت ہے جب تک ایس ایچ او ، بیٹ افسران ، بیٹ کانسٹیبلان اورڈیٹکٹو فورس کانسٹیبل اپنے علاقہ سے باخبر اور عوام سے مکمل کوارڈینشن میں نہیں ہوگا تب تک اس انٹیلی جنس کے نظام کو مضبوط نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

جب بھی سرچ آپریشن کے دوران گھروں اور مارکیٹوں کو چیک کیا جائے تو بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے مکمل تصدیق کی جائے اور کوائف اکٹھے کئے جائیں ۔

جب تک عوام پولیس کے ساتھ مل کر ہر طرح کی معلومات شیئر نہیں کرتی تب تک اس علاقہ کو پر امن قرار دینا مشکل ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشتہاریوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے اور منشیات فروشوں اور جواریوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔کوئی بھی جرائم پیشہ فرد قانون سے بالا تر نہ ہے بلکہ قانون سب کے لئے برابر ہے ۔

جس ایس ایچ او ، ڈی ایس پی اور ایس پی کے علاقہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موئثر کارروائی نہیں یا ناقص کارکردگی ہوگی ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ہمار ا کام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرکے عام آدمی کو ریلیف دینا ہے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے ناقص ترین کارکردگی اور ناقص سپروژن پر اے ایس پی چوہنگ عثمان طارق کی سخت سرزنش ، لیٹر آف ڈسپلئرجاری کیااور آخری موقع دیا، کرپشن کے الزمات ثابت ہونے پر ایس ایچ او جوہر ٹاؤن رمضان ڈوگرکو معطل ، شہریوں سے بدتمیزی کرنے پر ایس ایچ او سبزہ زار تیمور عبا س کی 2سال کی سروس ضبط اور شوکاز نوٹس، موٹر سائیکل چوری بڑھنے پر ایس ایچ او چوہنگ ناصر چٹھہ کو شو کاز نوٹس اور ایس ایچ او مانگا منڈی کامران زمان کو کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی ۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اچھی کارکردگی پر تھانہ نواب ٹاؤن کی سب انسپکٹر طوبہ منیر کو 10ہزار انعام اور سی سی ٹو سرٹیفیکٹ، تھانہ نواب ٹاؤن چوکی ایل بلاک کے اے ایس آئی منیر ، نواب ٹاؤن کے اے ایس محمد اقبال ، تھانہ سندر کے ایس آئی نثار احمد، تھانہ سبزہ زار کے ٹی اے ایس آئی راشد علی ، تھانہ چوہنگ کے سب انسپکٹر افضل ، تھانہ ستو کتلہ کے اے ایس منیر ، تھانہ مصطفی ٹاؤن کے اے ایس آئی محمد بوٹا اور تھانہ رائیونڈ سٹی کے اے ایس آئی سلمان اکبر کو 5/5ہزار روپے انعام اور سی سی ٹو سرٹیفیکٹ دینے کا اعلان کیا ہے ۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے صدر ڈویژن کے محرران کو تھانوں کے ریکارڈ کو مکمل کرنے ، صفائی ستھرائی بہتر کرنے ، اہلکاروں کی حاضری کو بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :