ترقیاتی اسکیمات کے فنڈز تمام ضلع کونسل ممبران کی مشاو رت سے برابری کی بنیاد پر تقسیم کئے جائینگے ، چیئرمین ضلع کونسل کوئٹہ ملک نعیم بازئی

منگل 12 اپریل 2016 23:23

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء ) چیئرمین ضلع کونسل کوئٹہ ملک نعیم بازئی نے کہا ہے کہ ترقیاتی اسکیمات کے فنڈز تمام ضلع کونسل ممبران کی مشاو رت سے برابری کی بنیاد پر تقسیم کئے جائینگے لوکل گورنمنٹ سے ترقیاتی فنڈز ضلع کونسل کو ملنا خوش آئند ہے صفائی مہم کے دوران جاری کئے گئے فنڈز کے حصول کے لئے میئر کوئٹہ سے بات کرینگے ۔

عوامی خدمت میں کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو ضلع کونسل کوئٹہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ا س موقع پر ڈپٹی چیئرمین ضلع کونسل عصمت اللہ ، حبیب الرحمان، عزیز اللہ شاہوانی، رضا ہزارہ ، اقلیتی ممبرفاروق سمیت خواتین ممبران نے بھی شرکت کی چیئرمین ضلع کونسل کوئٹہ ملک نعیم بازئی نے کہاکہ یہ ضلع کونسل ممبران کی محنت کا نتیجہ ہے کہ جو فنڈز لوکل گورنمنٹ کے آفسران نے خرچ کرنے تھے اب وہ فنڈز ضلع کونسل کوئٹہ کو مل رہے ہیں جن سے کونسل ممبران اپنے علاقوں میں ترقیاتی کام کر وا سکیں گے اس سلسلے میں فی ممبر کو 22لاکھ روپے کی رقم برابری کی بنیاد دی ج جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں صفائی مہم کیلئے جو 5کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں ان میں ضلع کوئٹہ کی تین یونین کونسلیں کچھی بیگ ،کچلاک اور شادیزئی شامل ہیں جن میں کچر ے کا انبا ر لگا ہوا ہے میئر کوئٹہ سے جلد ملاقات کرکے ان فنڈز کو حلقوں میں آبادی کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا مطالبہ کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں عوامی خدمت کیلئے جد وجہد اور محنت کرنی ہوگی ۔

تاکہ ضلع کوئٹہ کی عوام کے مسائل کو حل کرسکیں ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کونسل ممبران حبیب الرحمان عزیز اللہ شاہوانی ، رضا ہزارہ فاروق او ردیگر نے کہاکہ ترقیاتی فنڈز کی ترسیل کیلئے بی پی آر اے کے قوانین انتہائی پیچیدہ ہے ، بی پی آر اے کے تحت جو مشاورتی کمیٹی بنائی جا رہی ہے اس میں ضلع کونسل کے ممبران کو شامل نہیں کیا جا رہاہے جس کی بھر پور انداز میں مذمت کرتے ہیں۔

اراکین نے کہاکہ ضلع کوئٹہ کی ڈسٹرکٹ کونسل کے پاس وسائل کی انتہائی کمی ہے مختلف علاقوں میں کچرے کے دھیر لگے ہوئے ہیں عوام ہم سے سوال کرتے ہیں لیکن ہمارے پاس فنڈز نہ ہونے کے سبب عوامی مسائل حل نہیں ہوسکتے دوسری جانب ممبران کے پاس اختیارات نہ ہونے کے برابر ہیں اگر جمہوری حکومتوں نے بھی بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہیں دینے تھے تو بلدیاتی الیکشن کیوں کرائے گئے ۔

انہوں نے کہاکہ ضلع کونسل کے پاس وسائل انتہائی کم ہیں کچلاک سے ضلع کونسل ممبرنے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ کچلاک کی آبادی دن بدن بڑھ رہی ہے کچرے کو تلف کرنے کیلئے وسائل موجود نہیں اور کچلاک میں فائر اسٹیشن بھی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے آگ لگنے کی صورت میں کروڑوں روپے کا نقصان ہوجاتا ہے لہذا کچلاک کے لئے فائر اسٹیشن منظور کروائے جائے اقلیتی ممبر نے کہاکہ لا ء کالج میں اقلیتی کوٹے کوختم کردیا گیا ہے جس کے باعث اقلیتوں کو مشکلات کا سامنا ہے لہذا اس کوٹے کو بحال کیا جائے تاکہ اقلیتی بھی ملک کی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔

سریاب سے ڈسٹرکٹ کونسل ممبرنے کہاکہ صوبائی حکومت کے تعلیمی ایمر جنسی کے دعوے دھرے دھرے رہ گئے ہیں سریاب میں سکولوں پر توجہ نہیں دی جا رہی کچھی بیگ گرلز ہائی سکول میں تین ہزار بچیاں زیر تعلیم ہیں لیکن وہاں بیٹھنے کی جگہ میسر نہیں ہے گزشتہ حکومت کے دوارب روپے کے سریاب پیکج میں بڑی رقم کرپشن کی نظر ہوئی واسا کی ٹیوب ویلوں سے پانی کی فراہمی نہیں کی جارہی اس سلسلے میں اقدامات کئے جائیں اجلاس میں سیکرٹر ی لوکل گورنمنٹ بورڈ فیصل جمال کے والد کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی بعد ازاں ڈپٹی چیئرمین ضلع کونسل کوئٹہ میں اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔

متعلقہ عنوان :