Live Updates

تحریک انصاف کی خواتین کا پانامہ لیکس میں حکمران خاندان بارے انکشافات پر احتجاجی مظاہرہ

پوری قوم عمران خان کی ایک کال پر سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار ہیں ‘ مسرت چیمہ کا مظاہرین سے خطاب

منگل 12 اپریل 2016 23:21

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی خواتین نے پانامہ لیکس میں حکمران خاندان کے بارے میں انکشافات پر احتجاجی مظاہرہ کیا ،اس موقع پر مظاہرین وزیر اعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے اور بیرون ممالک سے قوم کے اربوں روپے واپس لانے کے مطالبات پر مبنی نعرے لگاتے رہے ۔ تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ اور رکن اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد کی قیادت میں خواتین کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے حلقہ این اے 124میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

مظاہرین نے کرپشن کنگز حکمران نا منظور ، مک گیا تیرا شو نواز گو نواز گو ، وزیر عظم استعفیٰ دو کے نعرے لگاتے رہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسرت چیمہ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں امیر امیر تر جب غریب کی حالت مزید ابتر ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کیوجہ سے پوری قوم کے سامنے ان کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے ۔چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن قائم کرکے وائٹ کالر کرائم کے فرانزک ماہرین سے تحقیقا ت کرائی جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کی کال پر باہر نکلنے کیلئے تیار ہے ۔ انشا اللہ 24اپریل کو قوم کو آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ چھینک آنے پر علاج کیلئے بیرون ملک بھاگنے والے حکمرانوں کو غریب کی کوئی پرواہ نہیں لیکن انشا اللہ اب وہ وقت دور نہیں جب عوام حکمرانوں سے اپنا حق چھین کر لیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات