خیبر پختونخوا حکومت نے فنی ،پیشہ ورانہ علوم کی اسناد کے حصول کیلئے اپنی نوعیت کے پہلی’آن لائن تصدیقی نظام کا اجراء کردیا

فنی تعلیم کے شعبے میں عملے کی کمی کو دورکرنے کیلئے جلد از جلدمیرٹ کی بنیاد پر سکریننگ ٹیسٹ کے ذریعے بھرتی کی جائیگی،ارشدعمرزئی

منگل 12 اپریل 2016 22:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) خیبر پختونخوا حکومت نے دیگر شعبوں کی طرح فنی تعلیم کے میدان میں بھی مثبت تبدیلی لانے کے لئے فنی اورپیشہ ورانہ علوم کی اسناد کے حصول میں بھی شفافیت لانے اور فارغ التحصیل طلباء کی سہولت کے لئے ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ میں اپنی نوعیت کے پہلی’آن لائن تصدیقی نظام کا اجراء کیا ہے ،جس کا باقاعدہ افتتاح منگل کے روزوزیر اعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے فنی تعلیم و چیئرمین ٹیوٹا ارشد علی عمرزئی نے بٹن دبا کر کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان،سیکرٹری انڈسٹری وکامرس ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی،چیئرمین ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ طاہر اورکزئی،چیئرمین بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن قاسم علی کے علاوہ نیوٹیک اور جی آئی زیڈ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم نے کہا کہ محکمہ فنی تعلیم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں فنی تعلیم اورپیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ ساتھ پاکستان ائیرفورس سے بھی معاونت حاصل کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے شعبے میں عملے کی کمی کو دورکرنے کیلئے جلد از جلدمیرٹ کی بنیاد پر سکریننگ ٹیسٹ کے ذریعے بھرتی کی جائے گی۔ارشد عمر زئی نے کہاکہ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ سے ملحق ٹریننگ اداروں کی جانچ پڑتال کے لئے ایک طریقہ کار وضع کیا گیا ہے جس کے ذریعے 290غیر فعال تربیتی اداروں کا الحاق منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ فعال تربیتی اداروں کی دوبارہ جائزے کے لئے ایک ٹاسک فورس بھی تشکیل دی گئی ہے۔

انہوں نے ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کے تحت آن لائن ویریفیکیشن سسٹم کے اجراء کو خوش آئند اقدام قراردیتے ہوئے کہاکہ اس سسٹم کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا کردنیا کے کسی بھی حصے سے طلباء کی اسنادکی تصدیق کی جا سکے گی اورویریفیکیشن سسٹم سے مارکیٹ میں سرٹیفیکیٹ کے زمرے میں غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ بھی ہو جائے گا اور مارکیٹ میں مقابلے کی فضاء پیدا ہو گی جس سے صوبے میں بے روز گاری کم کرنے میں مدد بھی ملے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں نوجوانوں کی صلاحیتو ں سے فائدہ اٹھانے کے لئے انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرے گی تاکہ وہ ہمیں ایک طاقت ور اور خوشحال پاکستان دے سکیں جس کے لئے ہمیں فنی تعلیم اورووکیشنل اداروں کومضبوط کر کے جدیدخطوط پر استوار کرنا ہوگا۔تقریب سے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا اورفنی تعلیم کے شعبے سے متعلق اپنی آراء اور خیالات کا اظہارکیا۔

متعلقہ عنوان :