وزیراعلی خیبرپختونخوا نے ترقیاتی منصوبوں کومعیارکے مطابق مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کاحکم دیدیا

صوبے میں 14سیکٹرزمیں 54منصوبے بیرونی امداد سے جاری ہیں ،51گرانٹ ،3قرضوں کی بنیاد پر تشکیل دیئے گئے منصوبوں کی کل مالیت 197.470ملین روپے ہے ،25امسال ، 12اگلے سال مکمل ہونگے،پرویزخٹک کوترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ

منگل 12 اپریل 2016 22:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے دستیاب وسائل کے فعال استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے منصوبوں کو معیاری انداز میں مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں بیرونی اداروں کے تعاون سے جاری منصوبوں کے بارے میں ایک بریفنگ کے موقع پر دیں۔

بریفنگ میں مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور بیرونی امداد سے چلنے والے منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے چیئرمین صاحبزادہ سعید نے منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 14سیکٹرزمیں 54منصوبے بیرونی امداد سے جاری ہیں جن میں 51گرانٹ اور 3قرضوں کی بنیاد پر تشکیل دیئے گئے ہیں جبکہ ان منصوبوں کی کل مالیت 197.470ملین روپے ہے۔

(جاری ہے)

جن میں سے 17منصوبے ملٹی سیکٹر، 6صحت،5سڑکوں،5تعلیم، 2مقامی حکومت، ایک توانائی 8امن و امان، ایک پینے کے پانی2 زراعت، 3 صنعت، جبکہ توانائی، جنگلات ، انصاف،کھیل اورسماجی بہبود کے شعبے میں ایک ایک منصوبہ شامل ہے۔ ان میں سے 25اس سال اور 12اگلے سال مکمل ہونگے۔ وزیراعلیٰ کو منصوبوں کی رفتار اور بعض منصوبوں پر عملدرآمد میں حائل رکاوٹوں سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے بعض منصوبوں کے اطلاق کی رفتار میں سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے ان پر کام تیز کرنے اور مناسب حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منصوبوں کے کنسلٹنٹ کو منصوبوں کو مقررہ میعاد کے اندر مکمل کرنے کا پابند بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبوں کے منتظمین کو متعلقہ قواعد سے پوری طرح آگاہ ہونے اور منصوبوں کی بہتر انداز میں نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اسی طرح وزیراعلیٰ نے میونسپل سروسز ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے اس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کوفی الفور تبدیل کرنے کا حکم دیا۔ اسی طرح انہوں نے سالڈوسیٹ منیجمنٹ پراجیکٹ کیلئے زمین کے حصول کیلئے سمری پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے موجودہ بس ٹرمینل کو شہر سے باہر منتقل کرنے اور اس کی جگہ کمرشل مرکز ڈیزائن کرنے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں منصوبوں پر عمل درآمدمیں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے، کام کی رفتار تیز کرنے اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے منصوبوں کی مسلسل نگرانی، مختلف محکموں کے درمیان موثر روابط اور فنڈز مہیا کرنے والے اداروں سے رابطے کی تجویز پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :