پی آئی سی کو انٹرنیشنل معیار پر لانے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت

کارڈیک سروسز اپ گریڈ کرنے اور صوبہ کے کارڈیک سینٹرز کو مربو ط کرنے کا فیصلہ

منگل 12 اپریل 2016 22:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 اپریل۔2016ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر صوبے کے عوام کو امراض قلب کے علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہسپتال بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کارڈیک سروسز کو اپ گریڈ کیاجارہاہے-یہ بات سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے اپنے دفتر میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو بین الاقوامی معیار کا ادارہ بنانے اور صوبے میں امراض قلب کے علاج کی سہولیات کواپ گریڈ کرنے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-اجلاس میں چیف ایگزیکٹو PIC پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیات ملک ، ایم ایس ڈاکٹر سہیل ثقلین، پروفیسرشاہد امین ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ظہیر عباس ملک، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ(ایڈمن)اسدنعیم، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ڈپٹی سیکرٹری بجٹ سرفراز احمد اور دیگر افسران نے شرکت کی- چیف ایگزیکٹوPIC پروفیسر ندیم حیات ملک اور ایم ایس ڈاکٹر سہیل ثقلین نے انسٹی ٹیوٹ کی اپ گریڈیشن ، نئے ایمر جنسی بلاک کو آپریشنل کرنے اور نئے آلات کی تنصیب کے بارے بریفنگ دی- اجلاس کو بتایا گیا کہ مزیددو انجیوگرافی مشین خریدی جا رہی ہیں جس کی PDWP نے منظوری دے دی ہے- پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کارڈیک سرجری اور دیگر پروسیجرز کو جدید طریقوں کے مطابق شرو ع کرنے کے لئے سپیشلائزڈ ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی گئی-سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ نئے ایمر جنسی بلاک کو آپریشنل کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں- نجم احمدشاہ نے صوبے کے مختلف شہروں میں موجود امراض قلب کے مراکز کو مربوط ( Integrate ) کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ مذکورہ ہسپتالوں میں امراض قلب کے علاج کے لئے دستیاب سہولیات سے مریض بھرپور استفادہ کرسکیں- انہوں نے کہا کہ وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے علاوہ میوہسپتال ، جناح ہسپتال ،سر گنگا رام ہسپتال اور سروسز ہسپتال کے شعبہ امراض قلب کو مربوط نظام کاحصہ بنایا جائے تاکہ یہ ادارے زیادہ موثر طور پر مریضوں کی خدمت کر سکیں- نجم احمد شاہ نے کہاکہ تمام کاموں کے لئے ٹائم لائن مقرر کر کے جلد ازجلد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے-