پاک سرزمین پارٹی نے اے این پی کو بھی 24اپریل کے جلسے میں شرکت کی دعوت دیدی

منگل 12 اپریل 2016 22:16

پاک سرزمین پارٹی نے اے این پی کو بھی 24اپریل کے جلسے میں شرکت کی دعوت ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 اپریل۔2016ء) پاک سرزمین پارٹی نے اے این پی کو بھی 24اپریل کے جلسے میں شرکت کی دعوت دیدی ہے ۔منگل کو پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کی مردان ہاوٴس آمد پر عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری یونس بونیری نے دیگر رہنماوٴں کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔مردان ہاوٴس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس بونیری کا کہنا تھا کہ ہم پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے دعوت دیئے جانے پر شکر گزار ہیں، قیادت سے مشاورت کے بعد انھیں آگا ہ کرینگے۔

(جاری ہے)

پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء رضا ہارون کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ان کا کہنا تھا کہ ہر پارٹی کا اپنا نظریہ ہوتا ہے، دعوت کا مطلب ایک روایت ہے جسے ہم نے برقرار رکھا ہے۔اس موقع پر رضا ہارون کا مزید کہنا تھا کہ میر پور خاص میں حملہ کرنے والوں کو معاف کر دیا ہے، تحقیقات کرنا اداروں کا کام ہے، وہ کریں۔ پاناما لیکس کا معاملہ طے کرنے کے لئے پارلیمنٹ موجود ہے وہ طے کریگی کہ کیا کرنا ہے۔رضا ہارون کا یہ بھی کہنا تھا کہ ق لیگ کے رہنماء چوہدری پرویز الہی اور ن لیگ کے پرویز رشید سے بھی رابطہ کر کے انھیں جلسے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتوں کو بھی جلسے میں شرکت کی دعوت دینگے