حکمران طبقہ کرپشن میں ملوث اور یہی طبقہ اس پاکستان کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے،مشتاق احمد خان

منگل 12 اپریل 2016 20:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 اپریل۔2016ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے ملاکنڈ ڈویژن میں نافذ کئے جانے والے کسٹم ایکٹ کی منسوخی کے مراسلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے جماعت اسلامی کے موٴقف کی فتح قرار دیا ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام پر کسٹم ایکٹ کا نفاذ غیر اخلاقی اور غیر آئینی ہے۔

ان علاقوں کے عوام مسلسل قدرتی آفات اور آپریشنوں کی زد میں رہے ہیں۔ ریلیف دینے کے بجائے ان پر ٹیکس لگانا ظلم ہے۔ملاکنڈ ڈویژ ن میں کسٹم ایکٹ کی منسوخی ملاکنڈ کے عوام اور تاجرتنظیموں کے کامیابی ہے ۔ اب حکومت ملاکنڈ ڈویژن کی بحالی اور آباد کاری کے مد میں 500 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کریں ۔ پانامہ لیکس نے حکمران طبقے کو عوام کے سامنے ننگا کردیا ہے۔

(جاری ہے)

پانامہ لیکس سے ثابت ہوگیا کہ پورا حکمران طبقہ کرپشن میں ملوث ہے۔ پانامہ لیکس نے جماعت اسلامی کے اس موقف کی تائید کی ہے کہ حکمران طبقہ کرپشن میں ملوث اور یہی طبقہ اس پاکستان کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ اس خطرے سے صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی نجات دلاسکتی ہے۔ ملک کو سیکولرائزیشن کی طرف دھکیلنے کے لئے منظم جدوجہد ہورہی ہے۔ جماعت اسلامی سکولرائزیشن کا راستہ روکنے کے لئے میدان میں ہے۔

سیکولرائزیشن کے خلاف جنگ جماعت اسلامی کی جنگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ضلعی امراء اور سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حمداللہ جان، جماعت اسلامی فاٹا کے امیر صاحبزادہ ہارون الرشید اورممبرصوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری سمیت تمام اضلاع کے امراء اور سیکرٹریز شریک تھے۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اول روز سے کسٹم ایکٹ کے نفاذ کو مسترد کردیا تھا اور اس کے خلاف شٹرڈاوٴن ہڑتالوں اور دھرنوں کا اعلان کیا تھا۔ ملاکنڈ ڈویژن میں اس ایکٹ کا نفاذ غریب عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ زلزلوں ، سیلابوں اور آپریشنوں سے متاثرہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ٹیکس نافذ کرنا ظلم اور ناانصافی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک نے گورنر خیبر پختونخوا کو کسٹم ایکٹ کے خاتمے کے لئے سمری بھیج کر دوراندیشی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم وزیر اعلیٰ کے اس فیصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ سمری جماعت اسلامی کے موٴقف کی فتح ہے۔ انھوں نے کہا کہ پانامہ لیکس نے دو سو سے زائد پاکستانی شخصیات کی کرپشن کا راز فاش کیا ہے۔ یہ کرپٹ طبقہ پاکستان کے مستقبل کے لئے سنگین خطرہ ہے۔

کرپشن میں ملوث حکمران طبقے اور اشرافیہ نے پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کیا ہے۔ہمارے وزیر اعظم نے ایک طرف جھوٹ بولا اور دسری طرف اپنی ہی مرضی کا کمیشن قائم کیا ۔ہم ایسے کمیشن کو نہیں مانتے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا جائے وہ سچ تلاش کرے اور ملزموں کا تعین کرکے سزا دلائیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے۔

اس کو سیکولر اور لبرل بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جماعت اسلامی سیکولرازم کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ہم پاکستان کے اسلامی تشخص اور اساس کی حفاظت کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ سیکولرازم کے خلاف جماعت اسلامی جنگ لڑرہی ہے اور یہ ہماری اپنی جنگ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم زوروشور سے جاری ہے۔

جماعت اسلامی کرپٹ اشرافیہ کا احتساب کرے گی اور ان کی کرپشن کو قوم کے سامنے آشکار کرے گی۔ کرپشن میں ملوث افراد کو سزائیں دے کر پاکستان کو کرپشن سے پاک اسلامی اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کرپٹ حکمرانوں کے خلاف 15 اپریل کو شانگلہ ، 17 اپریل کو بونیر ، 18 اپریل کو بنوں اور 23 اپریل کو پشاور میں عظیم الشان احتجاجی جلسے ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :