موسمی حالات کی وجہ سے چین کے صوبہ ژن جیانگ میں پھنسنے والے 45پاکستانی خیریت سے ہیں،دفتر خارجہ

منگل 12 اپریل 2016 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) دفتر خارجہ نے کہاہے کہ موسمی حالات کی وجہ سے چین کے صوبہ ژن جیانگ میں پھنس جانے والے 45پاکستانی خیریت سے ہیں  بیجنگ کے پاکستانی سفارتخانے کی دو رکنی ٹیم پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی مدد کیلئے کاشغر میں ہے اور چینی دفتر خارجہ اور مقامی حکام کے علاوہ پاکستانیوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں ۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق پھنسے ہوئے پاکستانی باشندوں میں سے بعض کو جن ویزا مسائل کا سامنا تھا اس کے حل کیلئے چینی حکام سے تعاون حاصل کیا جارہاہے ان پاکستانیوں کو کاشغر پہنچایا جائیگا جہاں سفارتخانے کے حکام ان کی مدد کرینگے ۔بیان کے مطابق کاشغر پہنچنے والے پاکستانیوں کو ارومکی سے طیارے کے ذریعے اسلام آباد بھجوادیا جائیگا ۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانیوں کی واپسی کیلئے جیسے ہی کوئی فلائٹ دستیاب ہوئی انہیں وطن بھجوادیا جائیگا توقع ہے کہ ان پاکستانیوں کا پہلا دستہ چودہ اپریل کو وطن روانہ ہوگا اس دور ان انہیں ضروری مدد فراہم کی جارہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :