پی ایس ایل کے بعد پاکستان کپ کا انعقاد

اوپنر بلے باز محمد حفیظ اور فاسٹ بولر وہاب ریاض زخمی ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے

منگل 12 اپریل 2016 18:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 اپریل۔2016ء) پاکستان کپ میں کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ جاری ہے جس میں پانچ ٹیموں کیلئے 75 کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا تاہم اوپنر بلے باز محمد حفیظ اور فاسٹ بولر وہاب ریاض زخمی ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی شاندار کامیابی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانے کیلئے ’پاکستان کپ‘ بھی پی ایس ایل کی طرز پر کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا طریقہ کار پی ایس ایل کی طرز پر رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کپ میں میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد کی ایک ، ایک ٹیم حصہ لے گی۔ ٹورنامنٹ 19 اپریل سے فیصل آباد میں شروع ہوگا اور اس کا فائنل یکم مئی کو کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کے انتخاب کا اختیار کپتانوں کو دیا گیا ہے اور اس حوالے سے لاہور میں ڈرافٹنگ جاری ہے جس میں 150 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے اور کپتان اپنی مرضی سے 75 کھلاڑیوں کو منتخب کریں گے۔ زخمی ہونے کی وجہ سے ڈرافٹنگ میں محمد حفیظ اور وہاب ریاض کو شامل نہیں کیا گیا۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کا گھٹنہ انجری کا شکار ہے اور وہ تاحال صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کپ میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔