بھارت نے پاکستان کو 5-1 شکست دے کر سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

ایس وی سنیل کو دو گول سکور کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا

منگل 12 اپریل 2016 17:11

ایپوہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اپریل۔2016ء) سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی، بھارت کی طرف سے ایس وی سنیل نے دو جبکہ منپریت سنگھ، تلوندر سنگھ اور روپندر پال سنگھ نے ایک ایک گول کیا، محمد عرفان نے پاکستان کی جانب سے واحد گول کیا۔ مسلسل تین شکستوں کے بعد گرین شرٹس ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سلطان شاہ ہاکی کپ کے اہم میچ میں بھارتی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پہلے کوارٹر کے چوتھے منٹ میں بھارت نے منپریت سنگھ کے گول کے ذریعے برتری حاصل کر لی مگر تین منٹ بعد پاکستان کے کپتان محمد عرفان نے پنلٹی کارنر پر گول کرکے میچ برابر کر دیا۔

(جاری ہے)

دسویں منٹ میں بھارت کی جانب سے ایس وی سنیل نے دوسرا گول کر دیا۔

اس طرح پہلے کوارٹر میں بھارت نے ایک کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل کی۔ دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہوا اور کوئی بھی ٹیم گول سکور نہ کر سکی۔ تیسرے کوارٹر کے 11 ویں منٹ میں بھارت نے ایس وی سنیل کے ذریعے تیسرا گول کر دیا۔ چوتھے اور آخری کوارٹر میں بھارت کھلاڑی مکمل طور پر چھائے رہے اور مزید دو گول کرکے ٹورنامنٹ میں اہم کامیابی حاصل کر لی۔

50 ویں منٹ میں تلوندر سنگھ اور 54 ویں منٹ میں روپندر پال سنگھ نے گول کیا۔ مسلسل تیسری شکست کے بعد پاکستان اب فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے، گرین شرٹس کو دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ، عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایونٹ میں پاکستان نے اب تک واحد کامیابی کینیڈا کے خلاف حاصل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :